سارک خطے کی اقتصادی ترقی کیلئے اہم پلیٹ فام، مزید فعال دیکھنا چاہتے ہیں : شاہ محمود قریشی 

        سارک خطے کی اقتصادی ترقی کیلئے اہم پلیٹ فام، مزید فعال دیکھنا چاہتے ...

  

  اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم سارک کو خطے میں اقتصادی ترقی کیلئے ایک اہم پلیٹ فارم سمجھتے ہیں اور اسے خطے میں امن و ا ستحکام کیلئے مزید فعال دیکھنے کے متمنی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں تعینات سری لنکا کے ہائی کمشنر وائس ایڈمرل (ر)موہن وجے وکرما نے گزشتہ روزوزارت خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر وزیر خارجہ نے ہائی کمشنر کا منصب سنبھالنے پر سری لنکن سفیر، سری لنکا میں حالیہ الیکشن کے نتیجے میں وزیر اعظم مہندا راجہ پاکسے اور ان کی پارٹی کی نمایاں کامیابی پر مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا پاکستان سری لنکا کیساتھ دو طرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، توقع ہے آپ کی تعیناتی سے دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبہ جات میں باہمی تعاون کو مزید فرو غ ملے گا، دونوں ممالک نے ہمیشہ مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ وزیر خارجہ نے سری لنکن ہائی کمشنر کو گزشتہ سال دسمبر میں ہونیوالے اپنے دورہ سری لنکا اور سری لنکن قیادت کیساتھ ہونیوالی ملاقاتوں سے بھی آگاہ کیا، وزیر خارجہ نے پاکستان اور سری لنکا کے مابین اعلی سطحی وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا جبکہ سری لنکن ہائی کمشنر نے وزیر خارجہ کی جانب سے نیک خواہشات کے اظہار پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مشکل وقت میں سری لنکا کا ساتھ دیا ہے۔بعد ازاں پاکستان میں تعینات قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن الثانی نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات،مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے قطر کے سفیر کو پاکستان میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے پرمبارکباد دی اور کہاکہ پاکستان اور قطر کے مابین گہرے، دیرینہ، برادرانہ تعلقات ہیں۔توقع ہے کہ آپ کی تعیناتی سے پاک قطر تعلقات مزید مستحکم ہونگے اور خطے میں امن،استحکام، اور خوشحالی کے حصول کیلئے دوطرفہ تعاون میں اضافہ ہو گا۔قطری سفیر نے امیر قطر عزت مآب شیخ تمیم بن حماد الثانی اور قطری قیادت کی جانب سے پاکستان کی قیادت اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

شاہ محمود 

مزید :

صفحہ اول -