نواں شہر ملتان: سپیئر پارٹس مارکیٹ میں خوفناک آگ، کروڑوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر 

نواں شہر ملتان: سپیئر پارٹس مارکیٹ میں خوفناک آگ، کروڑوں روپے مالیت کا سامان ...

  

ملتان(وقائع نگار، نیوز رپورٹر)   تھانہ کینٹ کے علاقے میں  سپیئر پارٹس مارکیٹ میں آگ لگ گئی۔جس کی وجہ سے کروڑوں  روپے مالیت کا سامان جل کر راکھ بن گیا۔پولیس اور ریسکیو 1122 نے موقع پر پہنچ کر پانچ گھنٹے کے بعد  آگ پر قابو پالیا تفصیل کے مطابق نواں شہر کے قریب سپیئر پارٹس کے گودام میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ بھڑک اٹھی ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے مارکیٹ میں موجود  دکانوں اور گودام  کو اپنی لپیٹ میں لیکر ان میں  موجود سامان کو راکھ میں بدل دیا،آگ کے شعلے دور دور تک فضا میں نمودار ہوتے رہے ،مذکورہ  واقعہ  کی اطلاع پر متعلقہ پولیس اور ریسکیو 1122 کے فائر فائٹر نے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائی کرتے ہوئے مارکیٹ کے ارد گرد رہائش پذیر افراد کو سیف پوائنٹ پر لے جاکر پانچ گھنٹے کی طویل کارروائی کے بعد آگ پر قابو پالیا، آگ بجھانے کی نگرانی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر ناطق حیات غلیزئی کررہے تھے،آگ پر قابو پانے کے لئے ریسکیوفائر فائٹر کے ساٹھ افراد نے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا جبکہ آگ پر قابو پانے کے لئے پندرہ گاڑیوں نے حصہ لیا۔ریسکیو  کی ٹیموں نے آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا ، ڈاکٹر ناطق حیات غلیزئی کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے رونما ہوئی جس میں گودام اور مارکیٹ میں موجود لوگوں کا کروڑوں  روپے مالیت کا سپیئر پارٹس کا سامان جل گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہ ہوا ہے،متعلقہ پولیس نے واقع کے متعلق اصل حقائق منظر عام پر لانے کے لئے کارروائی شروع کردی ہے۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے گزشتہ روز آتشزدگی پر قابو پانے کے لئے جاری فائرفائٹنگ آپریشن کا جائزہ لینے کے لئے نواں شہرکا دورہ کیا۔اے سی سٹی عابدہ فرید بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے ایک گھر کی تیسری منزل سے آتشزدگی کے مقام کا جائزہ لیا۔عامر خٹک کو متخلف زاویوں سے جاری فائرفائٹنگ آپریشن بارے بریفنگ دیتے ہوئے ایمرجنسی آپریشنز ڈاکٹر کلیم اللہ نے بتایا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا یے اور کولنگ کا عمل جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ پلاسٹک جلنے کی وجہ سے ابھی دھواں اٹھ رہا ہے۔  ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے اس موقع پر ہدایت کی کئی کہ کولنگ کا عمل سو فیصد  مکمل ہونے تک ریسکیو کی گاڑیاں موقع پر موجود رہیں،اطراف کے گھروں کے مکینوں کو دھوئیں کے پیش نظر چھتوں پر جانے سے منع کیا جائے اور آگ لگنے کی وجہ سے مخدوش ہو جانے والی عمارتوں کا جائزہ لیا جائے،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ   فائر فائٹرز آپریشنز میں حصہ لیتے وقت مکمل حفاظتی اقدامات اختیار کریں۔ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے سپیئر پارٹس گودام میں آگ پر قابو پانے کے لئے گزشتہ روز آپریشن کی بھر پور نگرانی کی گئی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب خان اور اسسٹنٹ کمشنرسٹی عابدہ فریدصبح 9 بجکر50منٹ پرآگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئے۔اے سی سٹی عابدہ فرید آگ پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے تک موقع پر موجود رہیں۔ریونیو اور سول ڈیفنس فورس کے اہلکار گھروں اور دوکانوں سے سامان نکالنے میں شہریوں کی مدد کرتے رہے۔اے سی سٹی نے سپیئر پارٹس گودام مالک سے بھی ملاقات کی اور  گودام مالک کو مالی امداد کے لئے حکومت کو سفارش کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب خان نے تین مرتبہ آتشزدگی کے مقام کا وزٹ کیا۔انہوں نے آگ پر قابو پانے کے بعد کولنگ کے عمل کا جائزہ لینے کے لئے بھی دورہ کیا۔

آگ

مزید :

صفحہ اول -