اس طرح کی چالاکیاں صرف کیسز کو طول دینے کیلئے کی جاتی ہیں،سندھ ہائیکورٹ ملزموں کے وکلا کی عدم پیشی پر برہم 

اس طرح کی چالاکیاں صرف کیسز کو طول دینے کیلئے کی جاتی ہیں،سندھ ہائیکورٹ ...
اس طرح کی چالاکیاں صرف کیسز کو طول دینے کیلئے کی جاتی ہیں،سندھ ہائیکورٹ ملزموں کے وکلا کی عدم پیشی پر برہم 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)سندھ پولیس میں کرپشن اورغیرقانونی بھرتیوں کے ریفرنس میں ملزموں کی درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران وکلا کے پیش نہ ہونے پر عدالت برہم ہو گئی ،جسٹس کے کے آغا نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ جب ملزم جیل میں ہوتے ہیں تو فاروق ایچ نائیک باقاعدگی سے پیش ہوتے ہیں ،جب ملزموں کی عبوری ضمانت حاصل کرلیتے ہیں تووہ پیش ہی نہیں ہوتے ، اس طرح کی چالاکیاں صرف کیسز کو طول دینے کیلئے کی جاتی ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں سندھ پولیس میں کرپشن اورغیرقانونی بھرتیوں کے ریفرنس میں سابق آئی جی سندھ غلام حیدرجمالی ،فیصل بشیر اوردیگر ملزموں کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی،غلام حیدر جمالی کے وکیل فاروق ایچ نائیک کی عدم پیشی پر عدالت برہم ہو گئی ۔
جونیئر وکیل مزمل سومرو نے کہاکہ فاروق ایچ نائیک اسلام آباد میں مصروف ہیں ،جسٹس کے کے آغا نے کہاکہ جب ملزم جیل میں ہوتے ہیں تو فاروق ایچ نائیک باقاعدگی سے پیش ہوتے ہیں ،جب ملزموں کی عبوری ضمانت حاصل کرلیتے ہیں تووہ پیش ہی نہیں ہوتے ۔
عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ کیا فاروق نائیک ہر روز اسلام آباد میں مصروف ہوتے ہیں؟کونسی قانون سازی کررہے ہیں ؟، جسٹس کے کے آغا نے کہاکہ اس طرح کی چالاکیاں صرف کیسز کو طول دینے کیلئے کی جاتی ہیں۔
پولیس افسر فیصل بشیر کے وکیل فیض ایچ شاہ کی عدم حاضری پر بھی عدالت نے اظہار برہمی کیا،جونیئروکیل نے استدعا کی فیض ایچ شاہ آئندہ سماعت پر پیش ہو جائیں گے، مہلت دی جائے ۔
عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ فیض ایچ شاہ پراسیکیوٹر جنرل سندھ بن چکے وہ کیسے کسی پرائیویٹ کیس کی پیروی کرسکتے ہیں؟، عدالت نے کہاکہ پراسیکیوٹر جنرل سندھ کسی پرائیویٹ کیس میں پیش نہیں ہو سکتے ،عدالت نے آئندہ سماعت پر پراسیکیوٹر جنرل سندھ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
عدالت نے کہاکہ پراسیکیوٹرجنرل پیش ہو کر وضاحت کریں وہ پرائیویٹ کیس میں کیسے پیش ہو سکتے ہیں؟،عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزموں اوروکلا کو ہر صورت پیش ہونے کی ہدایت کردی،عدالت نے کہاکہ ملزم اوران کے وکلا پیش نہیں ہوں گے توعبوری ضمانت خارج کردیں گے ۔