بیرون ملک مقیم وہ پاکستانی جو حج پر نہیں جاسکے، انہوں نے اپنے پیسوں کا کیا کیا؟ دلچسپ خبر آگئی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا وائرس کی وباءکے باعث حج بیت اللہ محدود ہونے سے پاکستان میں ترسیلات زر میں کئی گنا اضافہ۔ ڈیلی ڈان کے مطابق بیرون ممالک مقیم پاکستانی ہر سال بڑی تعداد میں فریضہ حج ادا کرتے تھے۔ رواں سال حج محدود ہونے پر ان کی رقوم بچ گئیں جو انہوں نے پاکستان میں اپنے خاندان والوں کو بھجوا دیں۔ اس کے نتیجے میں جولائی کے مہینے میں گزشتہ سال جولائی کی نسبت 36.5فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔
وباءکے باعث عالمی معیشت میں سست روی آنے اور لاکھوں لوگوں کے بے روزگار ہو جانے کی وجہ سے اندازہ لگایا جا رہا تھا کہ ترسیلات زر میں کمی واقع ہو گی لیکن ان میں حیران کن طور پر کئی گنا اضافہ ہوگیا جس کی وجہ ماہرین کے مطابق حج بیت اللہ کا محدود ہونا ہے۔ سٹیٹ بینک کے مطابق رواں سال جولائی میں تارکین وطن نے 2.768ارب ڈالر کی رقم پاکستان بھجوائی، جو رواں سال جون کی نسبت 12.2فیصد زیادہ تھی۔ وزیراعظم عمران خان نے ترسیلات زر میں اضافہ ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایک ٹویٹ بھی کی جس میں انہوں نے کہا کہ ’رواں سال جولائی میں ترسیلات زر 2.768ارب ڈالر ہوئیں۔ پاکستان کی تاریخ میں کبھی بھی ایک مہینے میں اتنی زیادہ ترسیلات زر نہیں ہوئیں۔‘