’پاک بھارت کرکٹ سیریز نہیں ہوسکتی‘ وزیر اعظم عمران خان نے واضح کردیا، وجہ بھی بتادی

’پاک بھارت کرکٹ سیریز نہیں ہوسکتی‘ وزیر اعظم عمران خان نے واضح کردیا، وجہ ...
’پاک بھارت کرکٹ سیریز نہیں ہوسکتی‘ وزیر اعظم عمران خان نے واضح کردیا، وجہ بھی بتادی

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کو بھی پاک بھارت کرکٹ سیریز مشکل نظر آنے لگی۔ وزیراعظم اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن ان چیف عمران خان نے موجودہ سیاسی صورتحال میں پاکستان اور بھارت کے درمیان سیریز ممکن نہ ہونے کی وجوہات بیان کر دی ہیں۔

 این ڈی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ”میں نے پہلی بار 1979ءمیں بھارت کا دورہ کیا تھا۔ ان دنوں دونوں ملک ایک دوسرے کے قریب آنے کی کوشش کر رہے تھے چنانچہ سٹیڈیمز میں بھی شاندار ماحول دیکھنے کو ملا۔ دوسری بار میں 1987ءمیں بھارت گیا۔ اس وقت دونوں ملکوں میں کشیدگی چل رہی تھی چنانچہ سٹیڈیمز میں بھی ایسا ماحول دیکھنے کو ملا کہ جس کا مجھے زندگی میں کبھی تجربہ نہیں ہوا تھا۔“

عمران خان کا کہنا تھا کہ ”بھارت کے اس دورے کے دوران تماشائی گراﺅنڈ میں مختلف چیزیں برسا رہے تھے اور کھلاڑیوں پر اشیاءپھینک رہے تھے۔ مجھے مجبوراً باﺅنڈری پر فیلڈنگ کرنے والے کھلاڑیوں کو ہیلمٹ پہننے کے لیے کہنا پڑا۔“ عمران خان کا کہنا تھا کہ ”2005ءمیں بھارتی ٹیم پاکستان آئی اور سیریز بھی جیت گئی۔ مہمان کرکٹرز کو بھرپور پذیرائی ملتی رہی۔ خوشگوار ماحول میں میچ ہوئے۔ اس وقت بھارت میں جس طرح کی حکومت ہے، میں اندازہ کر سکتا ہوں کہ کرکٹ گراﺅنڈز میں کیسا خوفناک ماحول ہو گا۔“

 ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ ”میں ٹی 20کرکٹ سے زیادہ لطف اندوز نہیں ہوتا لیکن جب بلے بازوں کو نت نئے اسٹروک کھیلتے دیکھتا ہوں تو خیال آتا ہے کہ یہ میں کیوں ایجاد نہیں کر سکا تھا۔ میں اعلیٰ معیار کی ٹیسٹ کرکٹ دیکھنا پسند کرتا ہوں تاہم اس کے لیے میرے پاس زیادہ وقت نہیں ہوتا۔ اگر موقع مل جائے تو بعض اوقات کسی میچ کے فیصلہ کن لمحات میں آخری 5اوور ز دیکھ لیتا ہوں۔“

مزید :

کھیل -علاقائی -اسلام آباد -