ٹیسٹ کرکٹ میں خراب روشنی، آئی سی سی نے بڑا فیصلہ کر لیا، شائقین کیلئے اہم خبر آ گئی

ٹیسٹ کرکٹ میں خراب روشنی، آئی سی سی نے بڑا فیصلہ کر لیا، شائقین کیلئے اہم خبر ...
ٹیسٹ کرکٹ میں خراب روشنی، آئی سی سی نے بڑا فیصلہ کر لیا، شائقین کیلئے اہم خبر آ گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) کم روشنی سے کرکٹ کی چمک ماند پڑنے لگی اور وقت ضائع ہونے کے مسئلے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) بھی فکرمند ہو گئی ہے جس نے کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں قواعد پر نظرثانی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور فیصلہ کن اختیار رکھنے والے امپائرز کا کردار کم کیا جا سکتا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ساﺅتھمپٹن ٹیسٹ میں خراب روشنی کی وجہ سے کھیل کا بڑا حصہ معطل رہنے پر سابق کرکٹرز کی جانب سے کوئی حل تلاش کرنے کا مطالبہ سامنے آیا تھا،انگلش فاسٹ باﺅلر جیمز اینڈرسن نے بھی کہاکہ امپائرز کو تھوڑی ڈھیل دکھاتے ہوئے فلڈ لائٹس میں میچ جاری رکھنے دینا چاہیے تھا، سابق کپتان مائیکل وان نے اس بدمزگی کو کرکٹ کیلئے انتہائی نقصان دہ قرار دیا تھا، ایک برطانوی اخبارکے مطابق آئی سی سی نے اس معاملے کا نوٹس لے لیا ہے اور اب انیل کمبلے کی سربراہی میں ہونے والے کرکٹ کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں خراب روشنی کے حوالے سے قواعد پر نظر ثانی کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق ابھی تک حتمی فیصلے کا اختیار امپائرز کو حاصل ہے جو لائٹ میٹر پر انحصار کرنے کے بعد فیصلہ کرتے ہیں کہ کھیل جاری رکھنا کھلاڑیوں کیلئے خطرناک تو نہیں ہو گا، میچ کے دوران جزوی یا مستقل طور پر پنک بال کے استعمال پر غور کیا جائے گا، ابھی تک کرکٹ کمیٹی کی میٹنگ کا کوئی شیڈول طے نہیں تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ اجلاس میں خراب روشنی کا معاملہ لازمی طور پر زیر بحث آئے گا۔ یاد رہے کہ7 سال قبل بھی خراب روشنی کی وجہ سے کھیل روکنے پر فلڈ لائٹس کے استعمال کی تجویز دی گئی تو ممبران کی اکثریت نے مخالفت کردی تھی، کھلاڑیوں نے مصنوعی روشنیوں میں پنک بال کو موزوں قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ بہتر نظر آتی ہے لیکن معیار پر سوالیہ نشان موجود تھا۔
اس وقت سے اب تک حالات کافی مختلف ہوئے ہیں، آسٹریلیا، انگلینڈ اور یو اے ای میں ڈے اینڈ نائٹ میچز کے کامیاب تجربات ہو چکے، بیشتر ملکوں نے اس تبدیلی کو مستقبل کی حقیقت سمجھ کر قبول کر لیا اور کرکٹرز کی طرف سے بھی مہر تصدیق ثبت ہو چکی کہ کنٹراسٹ کی وجہ سے فلڈ لائٹس میں پنک بال بہت بہتر نظر آتی ہے،اس گیند کی پالش، چمک اور معیار پر شکوک تھے جو کمپنیز کے مسلسل تجربات سے کافی حد تک دور ہو گئے، ٹیسٹ میچز میں اب بہترین کوالٹی کی گیند کا استعمال ہو رہا ہے، اس لئے خراب روشنی کی صورت میں پنک بال کے استعمال کا فیصلہ کیا گیا تو ممبر ملکوں کی جانب سے اختلاف کا امکان بہت کم ہے۔

مزید :

کھیل -