لاہورہائیکورٹ نے وزیراعظم شہبازشریف کو نااہل قرار دینے کیلئے دائر پی ٹی آئی رہنما کی درخواست خارج کر دی 

لاہورہائیکورٹ نے وزیراعظم شہبازشریف کو نااہل قرار دینے کیلئے دائر پی ٹی آئی ...
لاہورہائیکورٹ نے وزیراعظم شہبازشریف کو نااہل قرار دینے کیلئے دائر پی ٹی آئی رہنما کی درخواست خارج کر دی 

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی رہنما عندلیب عباس کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف اور وزراءکی نااہلی کے لیے دائر درخواست خارج کر دی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق اشتہاری ملزمان سے ملاقات پر شہباز شریف اور وزراءکی نااہلی کے لیے درخواست عندلیب عباس کی درخواست پر سماعت لاہور ہائیکورٹ میں ہوئی۔جسٹس شاہد وحید نے درخواست گزار کے وکیل اسد منظور بٹ سے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن کس اختیار کے تحت وزیراعظم کو نااہل کر سکتا ہے، جس پر وکیل نے جواب دیا مجھے وقت دے دیں۔جسٹس شاہد وحید نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کیا وقت دیں، آپ نے تعطیلات کے دوران کیس کیا، تیاری ہی نہیں کی، آپ نے چھٹیوں میں آفس پر زور ڈال کر یہ پٹیشن لگوائی ہے لیکن آپ کو معلوم ہی نہیں کس قانون کے تحت وزیراعظم یا وزراءکو الیکشن کمیشن نااہل کر سکتا ہے۔

درخواست گزار کے وکیل اسد منظور بٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ مجھے تھوڑا وقت دے دیں، ہم درخواست میں ترمیم کر کے دوبارہ دائر کر دیتے ہیں۔جسٹس شاہد وحید نے ریمارکس دیے بہتر ہے کہ آپ درخواست واپس لے کر دوبارہ دائر کریں، آپ کلائنٹ کو گائیڈ کیے بغیر عدالت میں لے آتے ہیں۔لاہور ہائیکورٹ نے عندلیب عباس کی جانب سے اپیل واپس لینے کی بنیاد پر درخواست خارج کر دی۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -