ریلیف صرف پنجاب کیلئے‘باقی صوبے پاکستان کا حصہ نہیں؟ حمداللہ
اسلام آباد(آئی این پی)جے یو آئی رہنماحافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ نواز شریف کی جانب سے پنجاب میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان خوش آئندہے لیکن سوال یہ ہے کہ مہنگائی تو پورے ملک میں ہیں،ریلیف صرف ایک صوبے کے لئے کیوں؟ صدر ن لیگ کی جانب سے اعلان کردہ بجلی بلوں میں ریلیف پر ردعمل دیتے ہوئے حافظ حمداللہ نے کہا کہ لگ رہا ہے پاکستان صرف پنجاب ہے دیگر تین صوبے پاکستان کا حصہ نہیں،کیا یہ ایک پاکستان ہے یا دو پاکستان؟ ثابت ہوا کہ بڑے میاں پنجاب کے لیڈر ہیں، ہونا چاہیے تھا کہ بڑے میاں چھوٹے میاں، کو چاروں صوبوں میں ریلیف دینے کا پابند کرتے،جو صوبہ بجلی دیتا ہے وہ اور بلوچستان بھی بجلی کی قیمتوں میں ریلیف سے محروم ہے،یہ کہاں کا انصاف ہے؟کیا یہ جمہوری مساوات کی نفی اور دیگر صوبوں کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں؟
حافظ حمد اللہ