کراچی: مغوی لڑکی ایک ہی دن میں بازیاب، ایک اغوا کار گرفتار
کراچی (اسٹاف رپورٹر) اورنگی ٹاؤن کے علاقے پیر آباد میں لڑکی کے اغوا اور پھر بازیابی کا واقعہ پیش آیا ہے پولیس نے مغویہ کو بازیاب کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔اس حوالے سے پولیس نے بتایا کہ ڈکیت گروہ کے 3 کارندے سی ٹی ڈی اہلکاروں کے بھیس میں ایک گھر میں گھسے اور 18سالہ لڑکی کو اسلحے کے زور پر زبردستی گاڑی میں بٹھالیا۔ گاڑی لے کر جانے لگے تو لڑکی کا بھائی بھی زبردستی گاڑی میں بیٹھ گیا، مبینہ اغوا کاروں نے لڑکی کے بھائی کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد علاقے میں ہی اتار دیا جس نے پولیس کو اطلاع دی۔مغویہ کے بھائی نے پولیس کو ملزمان کی گاڑی کا رنگ اور نمبر بتایا جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے اورنگی ٹان سے لڑکی کو اس گاڑی سے بازیاب کرالیا گیا۔پولیس نے کارروائی کرکے ایک اغوا کار ذیشان کو گرفتار کرلیا جبکہ اس کے 2ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی تلاش میں چھاپہ مار کارروائیاں کی جارہی ہیں۔پولیس نے بتایا کہ اغوا کی واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی برآمد کرلی گئی ہے، گرفتار اغوا کار ذیشان کا کرمنل ریکارڈ بھی سامنے آگیا، اس سے قبل ملزم رضویہ، میٹھادر، ناظم آباد، آرٹلری میدان تھانوں میں گرفتار ہوچکا ہے۔