کراچی؛ پولیس مقابلوں میں 7 زخمیوں سمیت 12 ملزمان گرفتار

کراچی؛ پولیس مقابلوں میں 7 زخمیوں سمیت 12 ملزمان گرفتار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پولیس نے شہرکے مختلف علاقوں میں مقابلوں کے دوران 7 زخمیوں سمیت 12 ملزمان کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے اسلحہ،چوری شدہ موٹر سائیکلیں اوردیگرسامان برآمدکرلیاہے۔تفصیلات کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب کورنگی زمان ٹاؤن تھانے کے علاقے ناصرجمپ مہرالنسا اسپتال کے قریب ڈاکوؤں اورپولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 2 مسلح ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون اورچھینی ہوئی موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی۔ ملزمان کی شناخت شکیل ولد رانا محمد رفیق اورعبدالستار ولد غلام محمد کے نام سے کی گئی، جن کا سابقہ کریمنل ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے۔پیرآباد تھانے کے علاقے پراچہ قبرستان کے قریب مسلح ملزمان اورپولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے بعد افغان ڈکیت گینگ کے کارندے کوزخمی حالت میں گرفتارکرلیا گیا جب کہ ساتھی ملزم فرارہو گیا۔ ملزم کی شناخت آصف افغانی عرف شیرا ولد حق دار کے نام سے کی گئی، جس سے غیر قانونی اسلحہ بمعہ ایمونیشن، چلیدہ خولز، موبائل فونز اور رقم برآمدکرلی گئی۔ ملزم کے فرار ساتھی کی تلاش جاری ہے۔شاہراہِ فیصل کے تھانے کے علاقے گلستان جوہر بلاک 13 میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں زخمی سمیت 3 ملزمان گرفتارکرکے ان کے قبضے سے غیرقانونی پسٹلزبمعہ ایمونیشن، چلیدہ خولز اور نقدی رقم برآمد کرلی گئی۔ ملزمان کے زیرِاستعمال چوری شدہ موٹرسائیکل نمبری کو ضابطے کے تحت قبضے میں لے لیا گیا۔ زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی غلام سرور ولد غلام اصغر اس کے ساتھیوں کی ناصر عباس ولد محمد عباس اورعمرغنی ولد امتیاز خان کے نام سے شناخت کی گئی۔گبول ٹاؤن تھانے کے علاقے فیڈرل بی ایریا کچرا کنڈی کے قریب پولیس نے نیو کراچی سیکٹر 16 بی میں مقابلے میں زخمی ملزم سمیت 2 ملزمان کو گرفتارکرکے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ زخمی ملزم کی شناخت الطاف اللہ اور اس کے ساتھی عبدالباری ولد خدا داد کے نام سے کی گئی۔نیپیئر تھانے کے علاقے لیاری شاہ جہاں لین کشتی چوک کے قریب ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم محمد علی ولد عبدالرؤف کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔پی آئی بی تھانے کے علاقے عیسیٰ نگری میں پولیس اورڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے بعد شہریوں کی مدد سے ڈاکوؤں کوگرفتارکرلیا گیا، جن کی شناخت ایلیان ولد اشرف مسیح اور فواد علی ولد زاہد علی کے نام سے کی گئی۔ ملزمان کے قبضے سے 2 پستول اور چلیدہ خولز برآمدکر لیے گئے۔مبینہ ٹاؤن پولیس نے سپارکو روڈ پر واقع پی سی ایس آئی آر لیبارٹری کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں ملزم عبدالستار ولد محمد نواز کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ اورموٹر سائیکل برآمد کرلی۔