بجلی ریلیف پیکیج: حکومت پنجاب کا بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو پیشگی ادائیگی کا فیصلہ

Aug 18, 2024 | 05:42 PM

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )پنجاب حکومت نے بجلی صارفین کو فی یونٹ 14 روپے ریلیف دینے کے فیصلے پر عمل درآمد کے لئے اقدامات کرتے ہوئے بجلی فراہم کرنے والی پانچ سرکاری بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو ایڈوانس میں ادائیگی کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں ڈسکوز سے ریلیف کی صورت میں واجب الادا رقم کا تخمینہ فراہم کرنے کا کہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کی صوبائی حکومت نے پانچ ڈسکوز سے 19 اگست تک فی یونٹ پر 14 روپے ریلیف کے لئے درکار مالی ضروریات کا تخمینہ مانگا ہے۔اس سلسلے میں پنجاب حکومت نے پنجاب کو بجلی فراہم کرنے والی پانچ ڈسکوز کو الگ الگ خط لکھ دیا ہے۔خطوط لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، ملتان اور گوجرانوالہ الیکٹرک کمپنیوں کو لکھے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق فی یونٹ 14 روپے ٹارگٹڈ ریلیف کا اطلاق ماہانہ 201 سے 500 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین پر ہوگا تاہم ماہانہ 200 سو یونٹ والوں کو ریلیف نہیں ملے گا۔بجلی کے ٹیرف میں ریلیف کا اطلاق اگست اور ستمبر 2024 کے بلوں میں ہوگا، ٹیکسز و ڈیوٹیز کے ساتھ حکومت پنجاب بجلی کے فی یونٹ پر 14 روپے ریلیف دے گی۔واضح رہے کہ دو روز قبل سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا تھا کہ پنجاب میں 500 تک یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کو فی یونٹ 14 روپے ریلیف دیا جائے گا۔

مزیدخبریں