پنجاب میں تعلیمی اداروں کی حدود کیلئے سیکورٹی اینڈ پروٹیکشن پلان تیار کرکے رپورٹ پیش کرنیکی ہدایت

پنجاب میں تعلیمی اداروں کی حدود کیلئے سیکورٹی اینڈ پروٹیکشن پلان تیار کرکے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                 لاہور(ذکا ءللہ ملک)پنجاب حکومت نے محکمہ تعلیم کو صوبہ بھر کی سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کی حدود کےلئے سکیورٹی اینڈ پروٹیکشن پلان تیار کرکے فوری طور پر رپورٹ پےش کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ پنجاب حکومت کی طرف سے محکمہ ایجوکیشن پنجاب کو شہر لاہور سمیت صوبہ بھر کے سرکاری و نجی سکولز،کالجز اور یونیورسٹیوں میں سکیورٹی کے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔مذکورہ تعلیمی اداروں کے داخلی و خارجی راستوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کو نصب کرنے اور تعلیمی اداروں کے مرکزی گیٹ کو بروئے کار لاتے ہوئے اضافی راستوں کو مکمل طور پر بند کرنے کے احکامات بھی کئے گئے ہیں جبکہ تمام تعلیمی اداروں کی بیرونی دیواروں پر خار دار تاریں لگانے اور سیکیورٹی گارڈز کی تعیناتی کو ہر حال میں یقینی بنانے کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ پنجاب حکومت کے ذرائع نے بتایا کہ سرکاری یونیورسٹیوں کی”سکیورٹی اینڈ پروٹیکشن پلان“ کو مرتب کرنے میں متعلقہ پولیس حکام کے ساتھ مشاورت اور اس کی سنڈیکیٹ سے باقاعدہ منظوری لےنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق یونیورسٹیز کے ہوسٹلز میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور آمدورفت کا مکمل ریکارڈ رکھنے ‘غیرمتعلقہ افراد کے قیام کوروکنے کےلئے مانیٹرنگ کا نظام وضع کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔پنجاب حکومت کی جانب سے ےہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ تمام متعلقہ افسران و اہلکاران ہوسٹلز اورانکی سکیورٹی کے معاملات کے ذمہ دارہیں،لہٰذا ہوسٹلز میں غیر متعلقہ افراد کو ٹھہرانے میں ملوث ملازمین اور متعلقہ افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی‘جس کے تناظر میں محکمہ ہائر ایجوکیشن نے تمام سرکاری یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز‘رجسٹرارز اور دیگر متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنا اپنا ”سکیورٹی اینڈ پروٹیکشن پلان “ترتیب دیں ۔دریں اثناءپنجاب حکومت کی طرف سے صوبہ بھر کی تمام یونیورسٹیز کوہدایت کی گئی ہے کہ یونیورسٹیز کے آئندہ سنڈیکیٹ کے ہر اجلاس میں سکیورٹی معاملات ہاسٹلز میں غیر متعلقہ افراد کے قیام کو روکنے کو ایجنڈا میں باقاعدہ شامل ہونا چاہیے۔پنجاب حکومت نے تمام یونیورسٹیوں کو مذکورہ پلان پر مبنی رپورٹ فوری پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔اطلاعات کے مطابق حکومت پنجاب کی طرف سے صوبہ بھر کے تمام تعلیمی اداروں میں سکیورٹی کے فل پروف انتظامات پشاور میں دہشتگردی کے واقعے کے بعد اٹھانے کے احکامات جاری کئے ہیں۔
 پروٹیکشن پلان

مزید :

صفحہ آخر -