ٹریفک نظام کی بہتری ، پنجاب کے افسر ان کو تربیت کیلئے ترکی بھجوانے کا فیصلہ

ٹریفک نظام کی بہتری ، پنجاب کے افسر ان کو تربیت کیلئے ترکی بھجوانے کا فیصلہ

  



لاہور (جنرل رپورٹر)صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے ترکی کے شہر استنبول میں بے حد مصروف دن گزارا۔وہ وفد کے ہمراہ شہر بھر کو صاف پینے کے پانی کے پلانٹس کا دورہ کیا، اور اس عظیم پراجیکٹ پر سیر حاصل معلومات لیں ترکی کے اعلیٰ حکام نے انہیں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صاف پانی کی فراہمی کے اس منصوبہ کے ذریعے عوام کو صاف پینے کا پانی باقاعدگی سے فراہم کیا جا رہا ہے اور اسے قطعی ضائع نہیں ہو نے دیا جاتا ۔ جبکہ گھر کے دیگر استعمال کے لئے پانی کے لئے علیحدہ پراسس بنایا گیا ہے۔اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ خادم پنجاب کی ہدایت پر پنجاب حکومت اور استنبول میونسپلٹی کے مابین واٹرسیکٹر ، ٹریفک مینجمنٹ اور ہارٹیکلچر کے شعبوں میں تعاون سے پنجاب بھر میں سہولیات کی فراہمی یقینی بن جائیں گی۔ ترکی کی طرف سے پنجاب کے عوام کو دی جانے والی سہولیات کو باہمی تعاون سے پنجاب بھر میں ہنگامی بنیادوں پر عمل میں لایا جائے گا۔ پنجاب حکومت عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے اور عوام کو بہتر سے بہتر شہری ودیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے ترکی حکومت سے تعاون کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ استنبول میونسپلٹی کی شہری سہولتوں، ٹریفک مینجمنٹ، واٹر سیکٹر اور ہارٹیکلچر کے شعبوں میں مہارت اور تجربے سے فائدہ اٹھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔پنجاب حکومت اور متعدد ترک کمپنیوں کے مابین شاندار اشتراک کار موجود ہے۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، ٹرانسپورٹ، صحت اور دیگر شعبوں میں ترک کمپنیوں نے بڑی سرمایہ کاری کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پینے کا صاف پانی ہر شہری کا حق ہے او ر یہ حق ہم انہیں دیں گے ،اس لئے پنجاب حکومت پینے کے صاف پانی کے بڑے پروگرام پر کام کررہی ہے ۔مفاد عامہ کے اس بڑے پروگرام کو عالمی ماہرین کی مشاورت سے پیشہ وارانہ انداز میں آگے بڑھایا جا رہاہے ۔انہوں نے کہاکہ صوبائی دارالحکومت سمیت صوبے کے دیگر شہروں میں ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کیلئے موثر اقدامات کے لئے بھی ترکی کا تعاون حاصل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں ٹریفک کے بہاؤ کی بہتری کے لئے تر کی کا مربوط پلان بنا کر اس پر عملدرآمد کویقینی بنایا جائے گا۔ اس سلسلے میں حکومت پنجاب ٹریفک کے بہاؤ کنٹرول کرنے کے لئے اور عوام کو بہترین سہولیات کے لئے پنجاب کے اعلیٰ افسران کو ٹریننگ کے لئے ترکی بھجوائے گی کیونکہ عوام کو بے ہنگم ٹریفک کے مسائل سے نجات دلانا متعلقہ ادارو ں کی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہاکہ ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے۔صحت مند ماحول کی فراہمی سے صحت مند معاشرے تشکیل پاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ شہرو ں کو ہارٹیکلچر سے دلکش اور خوبصورت بنانے کے لئے پی ایچ اے جیسے ادارے بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صاف پانی کی فراہمی، ٹریفک مینجمنٹ ، واٹر سیکٹر او رہارٹیکلچرکے شعبوں کی بہتری کے لئے استنبول میونسپلٹی کے حکام سے سود مند معاہدے کئے جارہے ہیں۔

وزیر بلدیات

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...