بدامنی کے خاتمے کیلئے نظام عدل اسلامی اصولوں کے مطابق ڈھالا جائے، عبدالقدیراعوان

بدامنی کے خاتمے کیلئے نظام عدل اسلامی اصولوں کے مطابق ڈھالا جائے، ...

  



لاہور(پ ر)ملک میں کر پشن اور بدامنی کے خاتمہ کیلئے ضروری ہے کہ ملک میں جاری نظام عدل مضبو ط اور اسلامی اصولوں کے مطابق ڈھالا جائے، ہمیں محبت کے زبانی دعوں سے نکل کر عملی طور پر نبی کریم ﷺ کی اتباع میں آنا ہو گا ان خیالات کا اظہار شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ امیر عبدالقدیر اعوان نے ناصر باغ لاہور میں بعثت رحمت عالم کے موضوع پر جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔امیرعبدالقدیر اعوان نے کہاکہ پاکستان مسلمانوں کا ملک ہے اور ہمیں بحیثیت مسلمان اور بحیثیت قوم اپنا کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ ہم مثال پیش کر سکیں کہ مسلمان ایسے ہوتے ہیں اور قومی حمیت کی بقا ء کے نتائج وقتی نہ ہوں بلکہ ان میں اِستحکام ہو ۔ہمیں جماعتی یا ذاتی حیثیت سے بالا ہو کر ملک کی بہتری کیلئے سوچنا ہو گا تو پھر یہ قومی سوچ کے طور پر ابھرے گی کیونکہ یہ ملک ہے تو ہم ہیں اورہماری سیاست اورمنشور ہیں اس سب کیلئے ضروری ہے کہ ہمارا نظام عدل مضبو ط ہو ۔انہوں نے مذید کہاکہ تبدیلی کی بات کرنے والے آج یہ زور لگارہے ہیں کہ فلاں کی کرپشن نکالو اور اسے چور ثابت کروکیا ایسا کرنے سے کرپشن رک جائیگی ؟کیا جب ان کو ہٹا کر نئے بندے لگائے جائیں گے کیا وہ نئے بندے اعتدال پر قائم رہیں گے کیونکہ کسی بھی ادارے کو قوت اور تحفظ صرف نظام عدل نے دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ ملک میں ایسا نظام عدل قائم ہو جو شاہ وگدا کے ساتھ مساوی سلوک کرتے ہوئے فیصلے دے۔انہوں نے مزیدکہا کہ حکومت نے حلف نامہ میں ختم نبوت کی شق کو چھیڑکر مسلمانوں کا دل دکھایا ہے اور بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالخلافہ قرار دینے پر اسکی شدید مذمت کی اور کہاکہ ہمیں اپنی قومی حیثیت کو مضبوط کرنا ہوگا تاکہ باطل قوت اس طرح کے اقدامات اٹھانے کی جرات ہی نہ کرسکے۔ یاد رہے کہ حضرت مولانا محمد اکرم اعوان کا گزشتہ دنوں انتقال ہوگیا تھا جس کے بعد سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ اور تنظیم الاخوان پاکستان کی باگ ڈور حضرت امیر عبدالقدیر اعوان نے سنبھال لی جس کے بعد انکا یہ پہلا جلسہ تھا ۔ اس جلسہ عام میں جہاں زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے خواتین وحضرات نے شرکت کی وہیں سیاسی وسماجی شخصیات کے ساتھ ساتھ جلسے میں سینیٹر عبدالقیوم سومرو، ماجد ظہور ایم پی اے،مرکزی سیکرٹری نشر واشاعت امجد محمود اعوان، جنرل سیکرٹری پنجاب عبدالماجد اعوان، سیکرٹری نشرواشاعت ملک ثاقب اشرف ، رحمت اﷲ ملک، تاج محمود چشتی اور دیگر عہدیداروں وکارکنوں ، سالکین خواتین وحضرات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

عبدالقدیر اعوان

مزید : میٹروپولیٹن 1