سعودی عرب،پاکستان اور ترکی ،بیت المقدس کا اسلامی تشخص بحال کرائیں،عبدالغفار روپڑی
لاہور(پ ر) جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفارروپڑی نے کہا ہے کہ سعودی عرب ، ترکی ، پاکستان اور اردن کو بیت المقدس کے اسلامی تشخص کی بحالی کیلئے بھر پور کردار ادا کرنا ہو گا ،مسلمانوں کے قبلہ اول ’’الاقصیٰ ‘‘کی آزادی اور القدس کا تحفظ حرمین الشریفین کے تحفظ کی طرح فرض عین ہے،اسلامی ممالک امریکہ کا سفارتی بائیکاٹ کریں، امت مسلمہ امریکی صدر کے القدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کو مسترد کرتی ہے، امریکی صدر نے امن پسندوں پر جنگ مسلط کر دی ہے اور مسلم دنیا اس جنگ کو مسترد کرتی ہے، عقیدہ ختم نبوت ؐکا تحفظ ہر سطح پر کیا جائے گا ، کسی گروہ کو عقیدہ ختم نبوت ؐ پر حملہ آور نہیں ہونے دیا جائے گا۔گذشتہ روز مرکزی دفتر میں وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیری شہداء کی قربانیاں تحریک آزادی کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ کشمیریوں کے خون سے بے وفائی کے سبب موجودہ حکومت مشکلات سے دوچار ہے،بھارتی فوج کشمیریوں پرہر آنے والے دن نئے طریقوں سے مظالم کرتی ہے اب کشمیری بیٹیوں کے سر کے بال کاٹے جا رہے ہیں یہ سنگین جرم ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ پاکستان کیلئے خطرناک ہے۔
عبدالغفار روپڑی