دنیا میں فلمسازی کا شعبہ کامیابی کی ضمانت سمجھا جاتا ہے،روز علی

دنیا میں فلمسازی کا شعبہ کامیابی کی ضمانت سمجھا جاتا ہے،روز علی
دنیا میں فلمسازی کا شعبہ کامیابی کی ضمانت سمجھا جاتا ہے،روز علی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(فلم رپورٹر)معروف اداکارہ وماڈل روز علی نے کہا ہے کہ پاکستانی فلموں کے معیارمیں بہتری سے سینما گھر آباد ہونے لگے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوان فلم میکرز اچھے اورمنفرد موضوعات کواپنی فلموں کا حصہ بناتے رہے توملک بھرمیں سینما ہی سینما دکھائی دینگے۔ میں طویل عرصہ سے اس شعبے سے وابستہ ہوں اور اس میں دن بدن بہتری صرف اورصرف اسی لئے آرہی ہے کہ یہاں پرہرکوئی منفرد کام کرنے کوترجیح دینے لگا ہے۔ ملبوسات ،جیولری، میک اپ اور ہیئر سٹائلنگ کے شعبے میں بھی بہت کچھ نیا متعارف کروایا جارہا ہے، جس کی وجہ سے فیشن انڈسٹری کا رنگ اب فلموں میں نمایاں دکھائی دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر اسی طرح پاکستان فلم انڈسٹری سے وابستہ لوگ اپنے کام کودہرانے کے بجائے ہربار کچھ نیا کام سامنے لائیں تویقیناً اس کا فائدہ اس شعبے سے وابستہ فنکاروں، تکنی کاروں، پروڈیوسروں، ہدایتکاروں اورڈسٹری بیوٹرز سمیت دیگرکوپہنچے گا۔ اس وقت دنیا بھرمیں فلمسازی کا شعبہ کامیابی اورترقی کی ضمانت سمجھا جاتا ہے۔ اربوں، کھربوں روپے کی سرمایہ کاری اس شعبے میں کی جا رہی ہے، جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ فلم ٹریڈ کی دنیا بھرمیں کیا اہمیت ہے۔روز علی نے کہا کہ پاکستان میں بھی گزشتہ چند برسوں کے دوران جس طرح سے جدید طرز کے سینما گھر بنائے گئے ہیں اوران کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، یہ سب کے لئے خوش آئند ہے۔ ہمارے ملک میں سینما گھروں کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے لیکن اب ان کی تعداد بڑھنے سے فلم میکرزکوزیادہ بڑی مارکیٹ کے لئے فلم بنانے کا موقع ملے گا۔ان کا کہنا ہے کہ اس وقت فلم انڈسٹری کا نیا جنم ہوا ہے اوراگراس اعتبار سے دیکھا جائے توہماری شروعات بہت اچھی ہے اورسب کومل کراسے مزید اچھا بنانا ہے۔ میں توبس اتنا ہی کہنا چاہتی ہوں کہ ہمیں ترقی کا یہ سفریہاں روکنا نہیں بلکہ اس کوآگے بڑھانا ہے۔

مزید :

کلچر -