قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس آج شروع ہوں گے

قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس آج شروع ہوں گے

  



اسلام آباد ( آئی این پی )قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس2 روزہ وقفے کے بعد آج پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوں گے ، قومی اسمبلی میں فاٹا اصلاحات سے متعلق بل پیش نہ کرنے پر اپوزیشن کی جانب سے احتجاج جاری رکھا جائے گا جبکہ سینیٹ میں کل منگل کو نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے آئینی ترمیمی بل پیش کیا جائے گا، سینیٹ اجلاس میں بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزیوں، اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی مجموعی کارکردگی پر بحث کرانے کی تحاریک پیش کی جائیں گی جبکہ پولیس ایکٹ 1861 اور چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ 1929 میں ترامیم کے بلوں سمیت اہم قرار دادیں پیش کی جائیں گی،سینیٹ کا 39نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اور سینٹ کے اجلاس دو روزہ وقفے کے بعد آج پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونگے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر سردار ایاز صادق کی سربراہی میں سہ پہر چار بجے جبکہ سینٹ کا اجلاس میاں رضا ربانی کی صدارت میں تین بجے ہوگا۔ سینٹ اجلاس کے جاری کردہ 39نکاتی ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں مختلف قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹس پیش کی جائیں گی جبکہ سینیٹر اعظم خان سواتی پولیس ایکٹ 1861 میں ترمیم کا بل پیش کریں گے۔ سید مظفر حسین شاہ ایریا سٹڈ ی سینٹرز ایکٹ 1975 میں ترمیم کا بل پیش کریں گے جبکہ سینیٹر سحر کامران چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ 1929 میں ترمیم کا بل پیش کریں گی۔ اجلاس میں مختلف قراردادیں بھی پیش کی جائیں گی جن میں سینیٹر طلحہ محمود زیر زمین پانی کی سطح کم ہونے کے مسئلے کو کنٹرول کرنے کے لئے ضروری اقدامات کرنے کے حوالے سے قرارداد پیش کریں گے جبکہ سینیٹر میاں عتیق شیخ گورنمنٹ سیکٹر میں خواتین کی تعیناتی کے لئے عمر کی حد 35سال تک بڑھانے کی قرارداد پیش کریں گے۔ سینیٹر چوہدری تنویر خان اسلام آباد اور ملک کے کنٹونمنٹ ایریاز کے تعلیمی اداروں میں سافٹ اور انرجی ڈرنکس کی فروخت پر پابندی کے حوالے سے قرارداد پیش کریں گے۔

مزید : صفحہ آخر


loading...