ٹرمپ سن لو ! تمہارا فیصلہ نہیں مانتے، 2018ء کشمیر اور فلسطین کی آزادی کا سال، جرات مند قیادت کی ضرورت ہے: سراج الحق

ٹرمپ سن لو ! تمہارا فیصلہ نہیں مانتے، 2018ء کشمیر اور فلسطین کی آزادی کا سال، ...

  



کراچی ( مانیٹرنگ ڈیسک228صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سرا ج الحق نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قراردینے پر اسلامی ممالک سے امریکی سے اپنے سفیروں واپس بلانے کا مطالبہ ہے ، قبلۂ اول کی آزادی کی جدوجہد مقدس جہاد ہے ، عظیم الشان ملین مارچ کا اعلان ہے کہ ہم سب اس مقدس جہاد میں فلسطینی مسلمان کے ساتھ ہیں ۔ امریکہ کے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قراردینے کے فیصلے کو واپس لینے تک جدوجہد جاری رہے گی ۔ ، عالم اسلام کے حکمران امریکہ کے خلاف جرات مندانہ مؤقف اختیار کرتے ہوئے مسلم عوام کے جذبات کی ترجمانی کریں ۔ اسلامی فوجی اتحاد مسلمانوں کے قبلۂ اول بیت المقدس اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے واضح طور پر اپنے ایجنڈا کا اعلا ن کرے۔ حکمران خواہ سوتے رہیں مسلم عوام اور نوجوان زندہ اور بیدارہیں ، بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت کسی صورت میں تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کراچی کے تحت حسن اسکوائر ، مین یونیورسٹی روڈپر ہونے والے ’’ملین مارچ‘‘ کے لاکھوں مردو خواتین شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔مارچ کا آٖغاز نیپا چورنگی سے ہوا اور شرکاء نے حسن اسکوائر تک مارچ کیا ۔ مارچ میں خواتین ،بچوں، بزرگوں ، نوجوانوں ، مزدوروں ، تاجروں ،علمائے کرام ،طلباء ، صحافیوں ، وکلاء برادری اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد ، اقلیتی برادری ، سیاسی ومذہبی جماعتوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سمیت کراچی کے لاکھوں افراد نے شرکت کی اور امریکہ واسرائیل کی مذمت اور فلسطینی مسلمانوں کی جدوجہد کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کیا سراج الحق نے کہا کہ یہ مارچ ا مریکہ اور اسرائیل کے لیے واضح پیغام ہے کہ جب تک ایک مسلمان بھی دنیا میں موجود ہے القدس اسرائیل کا دارالحکومت نہیں بن سکتا ۔ ہم کوئٹہ چرچ پر دھماکے کی مذمت کرتے ہیں ۔ ملک میں دہشت گردی کے پیچھے اسرائیل، امریکہ اور بھارت کا ٹرائیکا ملوث ہے ۔یہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں اور عالمی سطح پر بدنام کرنا چاہتے ہیں کہ یہاں کی اقلیتی برادری غیر محفوظ ہے ۔ عالمی اور بیرونی سازش ہے کہ مسلمانوں کو تقسیم کر کے کمزور کیا جائے ۔آج امت کے اتحاد کی ضرورت ہے ۔القدس حضرت عمر فاروقؓ کے دور میں آزاد کرایا گیا پھر سلطان صلاح الدین ایوبی نے اس کی آزادی کے تحفظ کے لیے جنگ لڑی اور آج ہم سلام پیش کرتے ہیں کہ فلسطین کے مسلمان قبلۂ اول کی آزادی کے لیے جدوجہد کررہے ہیں اور لازوال قربانیاں دے رہے ہیں ۔آج عالم اسلام میں ہر مسلم بچہ اور جوان زندہ اور بیدار ہے اور فلسطین کے ابراہیم کے ساتھ ہے جس نے قبلۂ اول کی آزادی کے لیے اپنی جان قربان کردی ۔ ہرمسلمان فلسطین میں جام شہادت نوش کرنے والے نوجوان کے ساتھ ہے۔ اسرائیل القدس پر اپنا قبضہ زیادہ عرصے تک برقرار نہیں رکھ سکتا ۔انہوں نے کہا کہ القدس کی آزادی کے لیے مقدس جہاد میں ہم ان کے ساتھ ہیں ۔ جب تک امریکہ اپنا اعلان واپس نہ لے ہماری جدوجہد جاری رہے گی ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اہل کراچی نے آج ایک اہم فریضہ انجام دیا ہے اور کراچی میں رہتے ہوئے اپنا کردار ادا کیا ہے اور اپنا نام ان لوگوں میں درج کرایا ہے جو امریکہ کے فیصلے اور امریکی استعمار اور اسرائیل کے خلاف ہیں ،فلسطین کے نوجوان جام شہادت نوش کررہے ہیں اور ہم کیا سڑکوں پر آکر ان سے اظہار یکجہتی بھی نہیں کرسکتے ۔ سراج الحق نے کہا کہ مسلم حکمران سو رہے ہیں لیکن امت جاگ رہی ہے ا۔ 2018 ء کشمیر اور فلسطین کی آزادی کا سال ہے لیکن القدس اور کشمیر کی آزادی کے لیے امت کو جرات مند قیادت کی ضرورت ہے۔مارچ سے جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی ،ملی مسلم لیگ کے نائب صدر ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی،مجلس علماء شیعہ کے رہنما علامہ مرزا یوسف ،سابق سٹی نائب ناظم کراچی طارق حسن، جماعت اسلامی کراچی منارٹی ونگ کے صدر یونس سوہن ،مجلس تحفظ ختم نبوت کے رہنما مولانا اعجاز مصطفی اور دیگرنے بھی خطاب کیا ۔؂ اس سے قبل جماعت اسلامی کے تحت القدس ملین مارچ کے حوالے سے امیر جماعت اسلامی نے مرکزی کیمپ کا دورہ ، سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ فلسطین کے ساتھ تعلق ایمان کا حصہ ہے شہری جذبہ ایمانی کے ساتھ مارچ میں شرکت کریں۔ مقبوضہ بیت المقدس کو صیہونی ریاست کا دارلخلافہ تسلیم کرنے کے امریکی فیصلے کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت کراچی میں "القدس ملین مارچ" کا انعقاد کیا ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ بیت المقدس سے محبت ایمان کا حصہ ہے، ہم دنیا بھر کے حکمرانوں کو جگانے کی تحریک لے کر اٹھے ہیں، ٹرمپ اس کے حواریوں کے لئے پیغام ہے کہ ہم تمہارے فیصلے کو نہیں مانتے، فلسطین مقدس شہر ہے اس کی حفاظت ہمارا فریضہ ہے اسلامی فوج بیت المقدس بچانے کے لئے آگے بڑھے، فلسطین پر قبضہ کرنے کا خواب پورا نہیں ہونے دیں گے۔

مزید : صفحہ آخر


loading...