جعلی ادویہ سازی کی روک تھام کیلئے حکومت تمام وسائل بروئے کار لائے گی: گورنر پنجاب

جعلی ادویہ سازی کی روک تھام کیلئے حکومت تمام وسائل بروئے کار لائے گی: گورنر ...

  



لاہور(این این آئی) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے عوام کی زندگیاں سب سے اہم ہیں اور اس کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے لہٰذا جعلی ادویہ سازی کی روک تھام کیلئے حکومت اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لائے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فارما انڈسٹریز کے 22رُکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد نے انڈسٹری کو درپیش مسائل سے گورنر پنجاب کو تفصیل سے آگاہ کیا۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا کہ ادویہ سازی ملک کا اہم صنعتی شعبہ ہے جو تیزی سے ترقی کررہا ہے اور ہزاروں خاندانوں کا روزگار اس شعبہ سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبے کے فروغ کیلئے تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ پاکستانی عوام مہنگے داموں درآمدی ادویات کی بجائے اپنے ملک میں تیار ہونے والی معیار اور سستی ادویات استعمال کررہے ہیں۔ گورنر پنجاب نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت ان کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔قبل ازیں گورنرپنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی لاہور کے پہلے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارے لئے اللہ تعالیٰ کی ایک بہت بڑی نعمت سے کم نہیں جو کہ ہر قسم کے وسائل سے مالا مال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتیں محب وطن ہیں ، ہمیں اپنے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ایک مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔تقریب میں صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن کمیشن پنجاب رضا علی گیلانی،امریکن قونصل جنرل مس الزبتھ ٹروڈو، فیکلٹی ممبران، طلباؤ طالبات اور ان کے والدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ دریں اثنا گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے آج کوئٹہ چرچ پر خود کش حملے کی پر زور الفاظ میں مذمت کی اور اس نتیجے میں ہونی والی قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے قاتل ہیں اور ان کا کوئی مذہب نہیں۔ گورنر نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو اکھاڑ باہر پھینکنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس گھناؤنے واقعات میں ملوث دہشت گرد عناصر اپنے انجام کو ضرور پہنچیں گے۔ گورنر پنجاب نے اس واقعے میں زخمی افراد کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دُعا کی۔

مزید : صفحہ آخر


loading...