خلیجی ممالک میں تنازعات کے حل کیلئے پاکستان کے اقدامات قابل تعریف ہیں: قطر
اسلام آباد (صباح نیوز) قطر نے کہا ہے کہ خلیجی ممالک میں تنازعات کے حل کے لیے پاکستان کے اقدامات قابل تعریف ہیں ۔قطر کے قومی دن کے موقع پر پاکستان میں قطر کے سفیر صقر بن مبارک المنصوری نے اپنے پیغام میں کہا کہ خلیجی ممالک میں جاری تنازعات کے حل کے لیے پاکستان کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔ پاکستان خلیجی ممالک میں جاری تنازعات کے حل کے لیے جو مذاکراتی کوششیں کر رہا ہے وہ قابل ستائش ہیں ۔ کویت کی طرف سے بحران کے حل کے لیے دی گئی تجاویز پر پاکستانی حمایت بھی قابل قدر ہے۔ پاکستان اور قطر کے درمیان برادرانہ تعلقات قائم ہیں جنہیں مستقبل قریب میں مزید فروغ دیا جائے گا ۔ پاکستان اور قطر کے درمیان توانائی کے شعبے میں ہونے والے معاہدوں سے پاکستان میں توانائی کے بحران ختم کرنے میں مدد ملے گی، حال ہی میں قطری بزنس مینوں نے پاکستان کا دورہ کیا تھا جس میں مختلف معاہدوں پر دستخط کیے گئے تھے اور اس امر کا بھی اعادہ کیا گیا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کومزید فروغ دیا جائے گا ، قطر ایئر ویز پاکستان اور قطر کے درمیان تجارتی روابط بڑھانے میں کلیدی کردار اد ا کر رہی ہے قطر ایئر ویز نہ صرف پاکستانی اور قطری مسافروں کو سہولیات فراہم کر رہی ہے بلکہ دو طرفہ تجارتی اشیا کو بھی ایک دوسرے کے ممالک میں پہنچا رہی ہے۔ قطری حکومت نے پاکستان میں تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں متعدد فلاحی منصوبے شروع کر رکھے ہیں ، قطر پاکستان میں تعلیم کے شعبوں میں اپنے فلاحی منصوبوں کو وسعت دینے کا ارادہ رکھتا ہے ، اس ضمن میں پنجاب حکومت سے معاہدہ بھی کیا جا ئے گا۔ اس وقت ایک لاکھ بیس ہزار سے زائد پاکستانی قطر کی تعمیر و ترقی میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ قطر کا قومی دن آج منایا جائے گا اس ضمن میں پورا ملک دلہن کی سجا یا گیا ہے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں قطرکے درالحکو مت دوحہ اور سرکاری وغیر سرکاری عمارتوں سمیت پورے ملک کو دلہن کی طرح سجایا گیا ہے دن کا آغاز مساجد میں دعاؤں اور توپوں کی سلامی سے کیا جائے گا اہم مقامات پر رنگ برنگی تقریبات ہوں گی آرمی اور پولیس کے دستے پریڈکریں گئے 17اور 18دسمبرکو دو سرکاری چھٹیاں ہیں۔