پرتھ ٹیسٹ انگلینڈ پر اننگز کی شکست کے بادل منڈلانے لگے

پرتھ ٹیسٹ انگلینڈ پر اننگز کی شکست کے بادل منڈلانے لگے

  



پرتھ(اے پی پی) انگلش ٹیم پرتھ ٹیسٹ میں مشکلات کا شکار ہوگئی، دوسری اننگز میں 132 رنز پر 4 وکٹیں گنوا دیں اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 127 رنز درکار ہیں۔ ڈیوڈ میلان 27 اور جونی بیئرسٹو 14 پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ جوش ہیزلووڈ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 662 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کر دی۔ سٹیون سمتھ نے 239 رنز کی ریکارڈ ساز اننگز کھیلی۔ اینڈرسن نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو یہاں پرتھ میں جاری ٹیسٹ کے چوتھے روز آسٹریلیا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز549 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو کپتان سٹیون سمتھ 229 اور مچل مارش 181 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے، مچل مارش گزشتہ روز کے سکور میں کوئی اضافہ نہ کر سکے اور جیمز اینڈرسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ سمتھ 239 رنز بناکر اینڈرسن کا نشانہ بنے۔ مچل سٹارک ساتویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو ایک رن بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔ ٹم پائن اور پیٹ کمنز نے آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 93 رنز بناکر ٹیم کا سکور 654 تک پہنچا دیا۔ کمنز 41 رنز بناکر اینڈرسن کا شکار بنے۔ 259 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد آسٹریلیا نے پہلی اننگز 662 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کر دی۔ ٹم پائن 49 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ اینڈرسن نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انگلینڈ کی دوسری اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کی پہلی وکٹ 4 کے مجموعی سکور پر گر گئی جب مارک سٹونمین تین رنز بناکر جوش ہیزلووڈ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ ایلیسٹر کک بھی فارم بحال نہ کر سکے اور 14 رنز بنانے کے بعد ہیزلووڈ کی شکار بن گئے۔ 60 کے مجموعی سکور پر انگلینڈ کو تیسرا نقصان اٹھانا پڑا جب کپتان جو روٹ 14 رنز کی مختصر اننگز کھیل کر نیتھن لائن کی گیند پر سٹیون سمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ جیمز ونس چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 55 رنز بناکر مچل سٹارک کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ ڈیوڈ میلان اور جونی بیئرسٹو نے کھیل کے اختتام تک مزید نقصان نہ ہونے دیا اور ٹیم کا سکور 132 تک پہنچا دیا۔ میلان 28 اور بیئرسٹو 14 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ انگلینڈ کو اب بھی 127 رنز خسارے کا سامنا ہے۔ جوش ہیزلووڈ نے دو جبکہ مچل سٹارک اور نیتھن لائن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...