مغلپورہ ، دہرے قتل کا واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ نکلا، ایک بے گناہ مارا گیا

مغلپورہ ، دہرے قتل کا واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ نکلا، ایک بے گناہ مارا ...

  



لاہور(خبر نگار) مغل پورہ کے علاقہ میں دُہرے قتل کا واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ نکلا، تاہم مقتول نعمان ملک کے ساتھ نوجوان علی رضابے گناہی موت مارا گیا۔پولیس نے دونوں افراد کی نعشیں پوسٹ مارٹم کے بعد گزشتہ روز ورثاء کے حوالے کر دی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ساہوواڑی بازار شالا مار لنک روڈ کے رہائشی 35سالہ نعمان ملک نے محلے میں بلیئرڈ کلب بنا رکھا تھا جبکہ نعمان ملک کے ساتھ قتل ہونے والے نوجوان علی رضا کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ فیصل آباد کا رہائشی تھا، محنت مزدوری کے لیے لاہور آیا ہوا تھااور نعمان ملک کے محلہ میں اپنے خالو کے گھر میں عارضی طور پر رہائش پذیر تھا ۔وقوعہ کے روز نعمان ملک کسی کام کے سلسلہ نوجوان علی رضاکو بھی ساتھ لے گیا کہ گھر واپسی پر مجاہد آباد کے قریب نامعلوم افراد نے نعمان ملک پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کی زد میں نعمان ملک کے ساتھ نوجوان علی رضا بھی آ گیا اور دونوں ہلاک ہو گئے۔ پولیس نے گزشتہ روز دونوں افراد کی نعشیں ورثاء کے حوالے کیں تو پورے علاقہ میں سوگ کا سماں تھا۔نوجوان علی رضا کی نعش اس کے لواحقین آبائی علاقہ فیصل آباد لیکر روانہ ہو گئے جبکہ 35سالہ نعمان ملک کی نعش گھر پہنچی تو کہرام برپا ہو گیا، مقتول کے کم سن بچے نعش سے لپٹ کر زار و قطار روتے رہے جبکہ عمر رسیدہ والدہ پر غشی کے دورے پڑتے رہے، مقتول نعمان ملک کو نماز جنازہ کے بعد مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔ مقتول نعمان ملک کے بھائی عدیل احمد کے مطابق اس کے بھائی کو قتل اور اقدام قتل کے چار مقدمات میں ملوث کیا گیا، جن میں وہ بے گناہ ہوا اور آج کل محلے کے غریب لوگوں کے کام آتا تھا۔ جس کی وجہ سے علاقہ کے با اثر اور سیاسی لوگ نالاں تھے جبکہ مہر ممتاز احمد ایس پی انویسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ نعمان ملک قتل اور اقدام قتل میں ملوث تھا اور اس کی بعض لوگوں کے ساتھ رنجش سامنے آئی ہے ، ابتدائی تفتیش کے دوران واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے تاہم نوجوان علی رضا بے گنا ہی مارا گیا۔ ایس پی کے مطابق دہرے قتل میں مقتولین کے موبائل فون ڈیٹا سے بھی مددلی جا رہی ہے اور ملزمان تک جلد رسائی حاصل کر لی جائے گی۔

مزید : علاقائی