فیصل ٹاؤن ، 35سالہ شخص زہریلی شراب پینے سے ہلاک
لاہور(خبرنگار) فیصل ٹاؤن کے علاقے میں 35سالہ شخص زہریلی شراب پینے سے ہلاک ہو گیا، لواحقین کے پوسٹمارٹم سے انکارکے باوجود پولیس نے زبردستی لاش کو پوسٹمارٹم کیلئے منتقل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق فیصل ٹاؤن کے رہائشی 35سالہ طارق بٹ کو تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو پوسٹمارٹم کے لیے منتقل کرنے کی کوشش کی مگر لواحقین نے انکار کر دیا جس پر پولیس نے زبردستی لاش کوقبضے میں لے کر پوسٹمارٹم کے لیے منتقل کر دیا ۔لواحقین کا کہنا تھا کہ طارق بٹ نے زہریلی شراب پی جس سے اس کی حالت غیر گئی اور وہ دوران علاج دم توڑگیا جبکہ پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ طارق بٹ کی موت زہر دینے کی وجہ سے ہوئی ہے تاہم اصل حقائق پوسٹماٹم رپورٹ آنے پر ہی واضح ہوں گے۔