شمالی چھاؤنی ، نامعلوم افراد نے 18سالہ مکینک کو اغواء کر لیا ، 5روز بعد مقدمہ درج

شمالی چھاؤنی ، نامعلوم افراد نے 18سالہ مکینک کو اغواء کر لیا ، 5روز بعد مقدمہ ...

  



لاہور(خبرنگار)شمالی چھاؤنی کے علاقہ میں نامعلوم افراد نے 18 سالہ موٹر سائیکل مکینک کو اغوا کر لیا۔ ایس پی کینٹ کے نوٹس لینے پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بدر کالونی کے رہائشی محنت کش محمد شریف کا 18 سالہ بیٹا محمد عدیل موٹر سائیکل مکینک ہے، وہ 13 دسمبر کو صبح 9 بجے گھر سے کام پر گیا اور واپس نہ آیاجس پر گھر والوں نے پولیس چوکی گلدشت ٹاؤن کو اطلاع دی ۔ عمر رسیدہ محمد شریف کے بار بار پولیس چوکی جانے کے باوجود پولیس ٹال مٹول سے کام لیتی رہی، آخر کار شریف کے پولیس ایمرجنسی 15 پر کال کرنے پر ایس پی کینٹ نے نوٹس لے لیا اور گزشتہ روز اغوا کی دفعہ 365 کے تحت مقدمہ نمبر1658/17 درج کر لیا ہے۔ مغوی عدیل کے والد محمد شریف ، والدہ اور بھائی عتیق نے ’’ پاکستان‘‘ کو بتایا کہ ان کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہ ہے۔ شریف نے مزید بتایا کہ اس کے بیٹے کو کسی نے اغوا کر رکھا ہے اور تھانیدار رفاقت علی اسے 5 روز سے ٹال رہا ہے اورمجبوراً 15 پر کال کرناپڑی ہے۔ ایس پی کینٹ محمد نوید کے مطابق موٹر سائیکل مکینک عدیل کو ایسا لگتا ہے کہ کسی نے اغوا کر رکھا ہے جس پر مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ مغوی عدیل کا ٹیلی فون بھی بند ہے تاہم ٹیلی فون ڈیٹا حاصل کیا جا رہا ہے اورجلد مغوی کا سراغ لگا لیا جائے گا۔

مزید : علاقائی