نواز شریف قوم کے مجرم ، کیا گیدڑ بھی تحریک چلا سکتا ہے ؟ عمران خان

نواز شریف قوم کے مجرم ، کیا گیدڑ بھی تحریک چلا سکتا ہے ؟ عمران خان

  



اوکاڑہ(مانیٹرنگ ڈیسک،صباح نیوز، این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف قوم کے مجرم ہیں۔اوکاڑہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے عدلیہ کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے، کیا کبھی گیدڑ بھی تحریک چلاسکتا ہے؟ ۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور حکومت میں کون سی تحریک چلائی تھی؟۔عمران خان نے کہا کہ اگر آج عدالت نواز شریف کو بری کردے تو نوازشریف اسی عدالت کی تعریف کریں گے۔عمران خان نے الزام عائد کیا کہ ن لیگ جسٹس عبدالقیوم والی عدلیہ چاہتی ہے جسے شہباز شریف فون پر فیصلے لکھواتے تھے۔عمران خان نے کہا کہ آپ اپنے اور میرے کیس کا موازنہ کررہے تھے، میں کبھی اقتدار میں نہیں رہا کیونکہ کرپشن اقتدار میں ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ساڑھے چار سال سے خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت ہے، وہاں کے لوگوں سے پوچھیں کہ کیا عمران خان نے ایک فیکٹری بھی لگائی، خیبر بینک سے قرضہ لیا، رشتہ داروں کو نوازا، سفارشیں کیں یا نوکریاں لگوائیں، ایک چیز ثابت کردیں، میں سیاست چھوڑ دوں گا۔تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ سپریم کورٹ میں اپنی نااہلی کیس کے دوران انہوں نے 60 دستاویزات پیش کیں جبکہ نواز شریف نے اپنے کیس میں صرف ایک قطری کا خط پیش کیا جو کہ ایک فراڈ تھا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف بتائیں کس کو خوش کرنے کیلئے ختم نبوت قانون کو تبدیل کرنے کی کوشش کی۔وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آپ کا ڈرامہ اب ختم ہوچکا ہے، لوگ آپ کو سمجھ چکے ہیں، ہم شہبازشریف کیخلاف نیب میں جائیں گے،ان کے خلاف نئی چیزیں آئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق سے بھی پوچھوں گا تمہارے پرائزبانڈ کیسے نکلتے تھے؟ خواجہ آصف سے بھی 15 لاکھ روپے جو دبئی سے لیتے ہیں اس کا پوچھوں گا۔عمران خان نے کہا کہ امپائرز کو بھی بلالیں اس کے باوجود نوازشریف کو شکست دیں گے، ہر کرپٹ سیاستدان نواز شریف کے ساتھ کھڑا ہے۔تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی شریف خاندان کی غلامی کررہے ہیں۔ جمائما خان سے دوبارہ شادی کر نے کے شیخ رشید کے مشورے پر عمران خان نے کہا کہ جمائما خان کے ساتھ شریف خاندان نے پہلے ہی بڑا برا سلوک کیا۔عمران خان نے کہا کہ جمائما خان مسلمان ہو کر پا کستان آئی لیکن شریف خاندان اور ان کے بھونکنے والوں نے اس بیچاری کو یہودی لابی قرار دے دیا،شریف خاندان نے جمائما کو اتنا تنگ کیا کہ وہ چھپتی پھرتی تھی۔عمران خا ن نے کہا کہ جمائما خان 24سال کی لڑکی تھی اور اس پر جھوٹا مقدمہ کردیا ،نواز شریف شرم کرو۔انہوں نے کہا کہ اس جھوٹے کیس کی وجہ سے جمائما کا دل دکھا ہوا تھا اس وجہ سے ساڑھے تیرہ سال بعدبھی پرانے کاغذات ڈھونڈے۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاکہ آئندہ انتخابات میں شریف خاندان کو شکست دے کر اڈیالہ جیل میں بند کرینگے ،حدیبیہ پیپر ملز کیس میں نئی چیزیں سامنے آئی ہیں، مزید شواہد لے کر نیب کے پاس جا ؤ ں گا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں ن لیگ کی حکومت ہے؟ آپ تحریک کس کے خلاف چلائیں گے؟ آپ تحریک چلائیں سب سے پہلے کسان آپ کی تحریک کا ٹماٹروں کے ساتھ استقبال کریں گے، ن لیگ عدلیہ کے خلاف نکلی تو میں ن لیگ کے خلاف نکلوں گا، اگرنواز شریف سمجھتے ہیں کہ عوام ان کے ساتھ ہے تو الیکشن کیوں نہیں کرالیتے؟انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کو بیرون ملک جانے دینے پر شاہد خاقان عباسی پر کیس بننا چاہئے۔عمران خان نے کہا کہ موٹو گینگ نے جس طرح کی زبان استعمال کی اس کی کوئی فکر نہیں ہے ٗ چھوٹو گینگ لوگوں کو لوٹتا تھا ٗموٹو گینگ کرپٹ خاندان کو بچانے کیلئے نکلا تھا ٗہم چوروں کا مقابلہ کرینگے اور اس کا وقت بھی آ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کس کس کے خلاف تحریک چلاؤگے؟۔ بینکوں سے قرضے لے کر معاف کروالئے اور دوبارہ حکومت میں آکر12 سے 30فیکٹریاں بنا لیں ۔ عمران خان نے کہا کہ پرویز مشرف نے جب نواز شریف کو جیل میں ڈالا تو وہ معاہدہ کرکے خاندان سمیت باہر چلا گیا لیکن کسی نے تحریک نہیں چلائی ۔ انہوں نے سلونی بخاری کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سلونی بخاری نے سب سے زیادہ پی ٹی آئی کیلئے محنت کی اور برے وقت میں انہوں نے میرا ساتھ دیا ۔ عمران خان نے کہا کہ نواز شریف رائے ونڈ میں بیٹھے ہو میری باتیں سن لو ٗ وفاقی حکومت پر تمہارا کٹھ پتلا وزیراعظم بیٹھا ہے ٗتمام اداروں پر تمہاری حکومت ہے ٗاسحاق ڈار کو بیرون ملک جانے دینے پر شاہد خاقان عباسی پر کیس بننا چاہئے۔انہوں نے وزیراعظم کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی ملک کے وزیراعظم ہو یا شریف فیملی کے درباری؟ انہوں نے کہا کہ محمود اچکزئی کا فاٹا کو متنازعہ علاقہ قرار دینا صحیح نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے نیب میں ایمپائر رکھے ہوئے ہیں جو انہیں بچاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں جس جلسے میں بھی جاؤں وہاں ڈیزل ڈیزل کی آوازیں شروع ہو جاتی ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ مولانا فضل الرحمان بھی شریف خاندان کی کرپشن میں شریک ہیں ۔

عمران خان

مزید : صفحہ اول


loading...