عمران نااہل نہیں ہوئے تو نواز شریف کو بھی نہیں ہونا چاہیے تھا : مریم اورنگزیب

عمران نااہل نہیں ہوئے تو نواز شریف کو بھی نہیں ہونا چاہیے تھا : مریم اورنگزیب

  



اسلام آباد(این این آئی)وزیرمملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ عدالتی فیصلے سے کوئی مطمئن نہیں ،عمران نااہل نہیں ہوئے تو نوازشریف کو بھی نہیں ہوناچاہیے تھا،اقامے کو اثاثہ بنادیاگیا،قانون کے دوترازونہیں ہونے چاہئیں ،پانامہ کیس میں نوازشریف کے حوالے سے گارڈفادر اورسسلین کے ریمارکس آئے ،جو قانون عمران خان پر لاگو ہواہے وہی نوازشریف پربھی ہوناچاہیے۔مریم اورنگزیب نے نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن)کے سربراہ میاں محمدنوازشریف کاہمیشہ سے یہی موقف رہا ہے کہ سیاسی لوگ ووٹ کے ذریعے آنے چاہئیں اور ووٹ ہی کے ذریعے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہاکہ پانامہ لیکس کے بعد میاں محمدنوازشریف نے سپریم کورٹ کوخط لکھا تھا تاہم تحریک انصاف کے سربراہ عمران معاملے کو سپریم کورٹ میں لے گئے جس پر سپریم کورٹ نے وزیراعظم کو اقامے پر نااہل کیا اور اس کو اثاثہ بنادیا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ نوازشریف کی نااہلی کے بعد ملک میں تھرتھلی مچی ہوئی ہے اٹھائیس جولائی کے فیصلے کے بعد عوام سڑکوں پر نکلے ہیں او رعوام کاردعمل سب کے سامنے ہے ۔حدیبیہ پیپرزمل کیس کے حوالے سے سوال پرمریم اورنگزیب نے کہاکہ جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بنچ نے حدیبیہ پیپرزملز کیس کھولنے کاکہاتھا اب وہی سپریم کورٹ نے بند کردیا ہے حدیبیہ کاریلیف 14 بارسن چکے ہیں قانون سب کیلئے یکساں ہوناچاہیے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہاکہ محمدنوازشریف سب سے پاپولرلیڈر ہیں جس سے عمران خا ن او ر دوسری پارٹیاں خوفزدہ ہیں اور نوازشریف ان لوگوں سے برداشت نہیں ہورہے ہیں حلقہ بندیو ں کے بل کے حوالے سے سوال پر مریم اورنگزیب نے کہاکہ وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کی پارلیمانی رہنماؤں سے بل پرمشاورت ہوئی ہے اور ہمیں امید ہے کہ یہ بل سینیٹ سے منظور ہوجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ سینیٹ سے حلقہ بندیوں کے حوالے سے بل کی منظوری سب کے مفاد میں ہے ہم چاہتے ہیں کہ الیکشن وقت پرہوں اور سینیٹ کے انتخابات مارچ میں ہورہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ دوہزاراٹھارہ میں بھی مسلم لیگ(ن) کو پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل ہوگی کسی کو اس سے خائف نہیں ہوناچاہیے۔انہوں نے کہاکہ عدالتی فیصلے سے کوئی مطمئن نہیں نوازشریف اورعمران خان کے فیصلے دیکھ لیں او ر عوام کی آواز سن لیں ۔ انہوں نے کہاکہ جب نوازشریف کافیصلہ آیا اس پر جو نچلی سطح تک ردعمل آیا وہ آج بھی برقرار ہے ۔

مریم اورنگزیب

مزید : صفحہ اول