صوابی ، ملازمین ، مزدور اور صحافتی تنظیموں کا متحد ہونے کا فیصلہ
صوابی ( بیورورپورٹ ) ضلع صوابی کے تمام ملازمین،مزدوروں اور صحافتی تنظیموں نے "میلاپ"کے پلیٹ فارم پر متحد ہونے کا فیصلہ کرلیا،ضلع صوابی کے 35یونینزنے شوکت علی انجم کے زیر قیادت متحدہ ایمپلائز اینڈ لیبر فیڈریشن(میلاپ)کی بنیاد رکھی،میلاپ تنظیم کے مرکزی عہدیداروں کے انتخاب کیلئے 25دسمبرپیر کو ٹی ایم اے ہال صوابی میں صبح دس بجے انتخابی اجلاس طلب کیا گیا،تفصیلات کے مطابق ضلع صوابی کے درجنوں ملازمین ومزدوروں اور صحافی تنظیموں نے اپنے مسائل کے حل کیلئے مشترکہ جدوجہد کرنے کیلئے میلاپ بنانے کا اُصولی فیصلہ کیااور اسی سلسلے میں ضلع صوابی کے سرکاری وصنعتی اداروں ،صحافی برادری کے درجنوں یونینز اور ایسوسی ایشن کا مشترکہ نمائندہ اجلاس زیر صدارت حاجی محمد اسلم عادل باچہ خان میڈیکل کمپلیکس شاہ منصور صوابی میں منعقد ہوا،جس میں درجنوں تنظیموں کے صدور اور جنرل سیکرٹریز نے کثیر تعداد میں شرکت کی،اجلاس سے عبدالطیف خان ،شوکت علی انجم ،فضل حکیم ،محمد رفیق ،عابد حسین،سلطان علی،وہاب منصوری اور دیگر نے خطاب کیا،اجلاس میں قرارداد کے ذریعے صنعتی کارکنوں کو بنک اکاؤنٹس کے ذریعے تنخواہوں کی ادائیگی کرنے پر صوبائی حکومت کو خراج تحسین پیش کیا گیا،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع صوابی کے تمام تنظیموں کا انتخابی اجلاس 25دسمبر کو ٹی ایم اے ہال صوابی میں 10بجے ہوگا،جس میں متحدہ ایمپلائز اینڈ لیبر فیڈریشن(میلاپ)کے مرکزی عہدیداروں کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔