پی پی متحرک ہوئی تو مخالفین میں ہلچل مچ گئی،اعتزاز احسن

پی پی متحرک ہوئی تو مخالفین میں ہلچل مچ گئی،اعتزاز احسن

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( این این آئی)پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ (ن) لیگ والے دھول اڑاؤ پالیسی کے ذریعے جو مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں وہ اس میں ناکام رہیں گے ، نواز شریف خود پاؤں پر کلہاڑی مارنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتے ،پیپلز پارٹی کے متحرک ہونے کے بعد مخالفین کی صفوں میں ہلچل مچی ہوئی ہے جو واضح نظر آرہی ہے ۔ ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری (ن) لیگ کنفیوژن کا شکار ہے ۔ اسپیکر کہتے ہیں کہ نظام کو خطرہ ہے وزیر اعظم کہتے ہیں سب اچھا ہے ۔اسپیکر کو اپنے بیان کی ایوان کے اندر وضاحت کرنی چاہیے ۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ کبھی کبھی پہلوان کیلئے زیادہ زور لگانا بھی نقصان دہ ثابت ہوتا ہے ۔ نواز شریف خود پاؤں پر کلہاڑی مارنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتے۔ موجودہ حالات میں دھول اڑاؤپالیسی کے ذریعے عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونکی جا سکتی کیونکہ آپ کی عجب داستانیں پوری قوم کے سامنے اور زبان زد عام ہیں۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ پیپلز پارٹی انتخابی میدان میں اترے گی اور بھرپور مقابلہ کرے گی اور کسی کے لئے میدان خالی نہیں چھوڑیں گے۔
اعتزاز احسن