حملہ عمران خان پر نہیں مجھ پر ہوا، کسی وزیر اعلیٰ کو فون نہیں کروں گا، مقدمہ درج کراﺅں گا: علی موسیٰ گیلانی

حملہ عمران خان پر نہیں مجھ پر ہوا، کسی وزیر اعلیٰ کو فون نہیں کروں گا، مقدمہ ...
حملہ عمران خان پر نہیں مجھ پر ہوا، کسی وزیر اعلیٰ کو فون نہیں کروں گا، مقدمہ درج کراﺅں گا: علی موسیٰ گیلانی

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی موسیٰ گیلانی نے عمران خان کے قافلے کے الزامات مسترد کردیے۔ انہوں نے کہا کہ حملہ عمران خان پر نہیں بلکہ ان پر ہوا ہے، سفید رنگ کی گاڑی سے فائرنگ کی گئی جبکہ قافلے میں شامل آخری گاڑی نے میری گاڑی کو ٹکر ماری۔ علی موسیٰ گیلانی نے واقعے کے خلاف مقدمہ درج کرانے کا بھی اعلان کردیا۔

رات کے پچھلے پہر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علی موسیٰ گیلانی نے پی ٹی آئی کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات مسترد کردیے۔ انہوں نے کہا کہ سینچری مل پر ایلیٹ فورس کی گاڑی عمران خان کے قافلے کے ساتھ تھی، میں نے قافلے کو اوور ٹیک کیا تو پیچھے والی گاڑی نے میری گاڑی کو ٹکر ماری، گاڑی کو ٹکر مارنے والوں نے میرے گارڈز کے ساتھ تلخ کلامی کی، میرے ساتھ 2 سال کی بیٹی تھی میں نے 15 پر اپنے اوپر حملے کی اطلاع دی تھی میں نے سفید رنگ کی گاڑی سے فائرنگ ہوتی دیکھی، عمران خان پورے پروٹوکول کے ساتھ جا رہے تھے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: عمران خان کے قافلے پر فائرنگ، فیصل جاوید بال بال بچ گئے ، فائرنگ یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے نے کرائی: تحریک انصاف کا الزام

علی موسیٰ گیلانی نے کہا کہ عمران خان کے قافلے میں شامل گاڑیوں کے گارڈز نے ہوائی فائرنگ کی، پی ٹی آئی کے لوگوں نے سر عام بدمعاشی کی ہے، مجھے روکا گیا اور مارا گیا ،کسی وزیر اعلیٰ کو فون نہیں کروں گا بلکہ قانونی دروازہ کھٹکھٹاﺅں گا ان کے خلاف مقدمہ درج کراﺅں گا۔

انہوں نے کہا کہ میرے ساتھ ایک گاڑی، ایک ڈرائیور اور دوسرا گن مین تھا، عمران خان کے قافلے میں پورا کانوائے تھا وہ وہاں کیوں نہیں رکے، فائرنگ کا الزام بے بنیاد ہے پولیس پروٹوکول میں جانے والے قافلے پر کیسے فائرنگ کر سکتا ہوں، پولیس سے پوچھنے پر پتہ چلا کہ قافلہ عمران خان کا ہے۔

علی موسیٰ گیلانی نے کہا کہ میں نے فائرنگ کی ہے تو اس کی فوٹیج دکھائی جائے میں تو گاڑی چلا رہا تھا ، فائرنگ کہاں سے کرتا۔ ہم لوگ سیاسی خاندان سے ہیں اور تحمل پسند لوگ ہیں میرے والد نے کبھی کسی سے بدتمیزی نہیں کی۔

یہ خبر بھی پڑھیں: عمران خان کے قافلے پر حملے کے وقت کی ویڈیو سامنے آگئی

واضح رہے کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب پی ٹی آئی کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی موسیٰ گیلانی نے اوکاڑہ جلسے کے بعد چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے قافلے پر فائرنگ کی۔ ان کی جانب سے کی گئی فائرنگ کی زد میں عمران خان سے پچھلی گاڑی آئی جس میں پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید سوار تھے۔

مزید خبریں: عمران خان کے قافلے پر فائرنگ کے الزامات بے بنیاد ہیں : علی موسیٰ گیلانی

علی موسیٰ گیلانی کی پریس کانفرنس

مزید : قومی /اہم خبریں