کلر کہار میں نجی کالج کی بس کو حادثہ، 6 طالبات زخمی
کلر کہار (ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب گروپ آف کالجز کی ایک بس موڑ کاٹتے ہوئے پل سے نیچے جا گری جس کے نتیجے میں 6 طالبات شدید زخمی ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب گروپ آف کالجز چکوال کی گاڑی طالبات کو لے کر کلر کہار آئی تھی کہ اسی دوران پل پر سے موڑ کاٹتے ہوئے نیچے جا گری ۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ بس مخالف سمت میں نیچے گری ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس کا ٹائر کھلا ہوگا ۔ بس گرنے کے باعث اگلے حصے میں بیٹھی 6 طالبات شدید زخمی ہوگئیں جنہیں امدادی ٹیموں نے فوری طور پر ٹراما سنٹر کلر کہار منتقل کردیا۔ ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں 2 طالبات کی ہڈیاں ٹوٹی ہیں جن کی مرہم پٹی کی جارہی ہے۔
پولیس حکام نے موقع پر پہنچ کر بس کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے کیونکہ بس میں 25 طلبہ کی گنجائش تھی لیکن حادثے کا شکار ہونے والی بس میں 36 طالبات کو سوار کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ستمبر 2011 میں کلر کہار میں فیصل آباد سے ٹرپ پر آنے والے سکول کے بچوں کی بس کو حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں طلبہ و اساتذہ سمیت 45 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔