پی ٹی آئی کی ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے خلاف فارن فنڈنگ کی تحقیقات کی درخواست الیکشن کمیشن نے سماعت کیلئے مقرر کر دی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کی ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے خلاف برطانیہ میں پارٹی فنڈنگ کی تحقیقات کیلئے دائر درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی ۔
تفصیلات کے مطابق ن لیگ کے خلاف برطانیہ میں پارٹی فنڈنگ کی تحقیقات کیلئے پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کی جانب سے الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کروائی گئی تھی جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے خلاف فنڈنگ کیس کی تحقیقات کی جائیں جس پر الیکشن کمیشن نے دونوں جماعتوں کی فارن فنڈنگ سے متعلق کیس سماعت کیلئے مقرر کر دیاہے جس کی سماعت کل ہو گی ۔ الیکشن کمیشن دونوں پارٹیوں سے موقف طلب کرے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل تحریک انصاف کی پارٹی فنڈنگ کی کیس کی سماعت الیکشن کمیشن میں ہو چکی ہے جس کے بدلے میں پی ٹی آئی نے ان دونوں جماعتوں کی فنڈنگ کے حوالے سے درخواست الیکشن کمیشن جمع کروا دی تھی جسے سماعت کیلئے مقرر کر دیا گیاہے ۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے ن لیگ کے رہنما حنیف عباسی کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے جہانگیر ترین کو نااہل قرار دیدیاہے جبکہ عمران خان کی نااہلی سے متعلق ن لیگی رہنما کی درخواست کو مستر د کر دیا گیاتھا ۔