ڈاکٹر طارق نیازی کی میرے والد کے ساتھ دشمنی تھی ،اس لئے انتقام کانشانہ بنایا :حنیف عباسی کی صاحبزادی ڈاکٹر اریبہ کا الزام
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کی بیٹی ڈاکٹر اریبہ عباسی نے کہاہے کہ ڈاکٹر طارق نیازی کی میرے والد کے ساتھ دشمنی تھی ، اس لئے ایم ایس نے مجھے سیاسی انتقام کانشانہ بنایا ۔
جیونیوز کے پروگرام ”آپس کی بات“ میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر اریبہ عباسی نے کہا کہ ڈاکٹر طارق نیاز ی کی میرے والد کے ساتھ دشمنی تھی اس لئے ایم ایس نے مجھ سیاسی انتقام کانشانہ بنایا ہے ،جب مجھے تبدیل کیا گیا تو میں نے اپنے والد سے ملاقات کی تومیرے والد نے مجھے کہا کہ مجھے پتہ تھا کہ وہ تمہیں نشانہ بنائیں گے ، اس لئے تم استعفیٰ دیدو ۔
ڈاکٹر اریبہ عباسی نے کہاہے کہ میں نے یا میرے کسی گھر والے نے راجہ بشارت تک رسائی نہیں کی اورنہ ہی میں نے کسی کوکہاہے کہ میرے حوالے سے راجہ بشارت تک رسائی حاصل کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر راجہ بشارت نے کوئی بات کی ہے تو ہو سکتاہے کہ ہسپتال سے یہ بات راجہ بشار ت تک پہنچی ہو کیونکہ یہ بات سارے ہسپتال میں مشہور تھی ۔انہوں نے کہاکہ راجہ بشارت سے میری بات نہیں ہوئی بلکہ راجہ بشار ت کی بیوی نے مجھ سے بات کی ہے اور کہا کہ بیٹا ہماری بھی بیٹیاں ہیں اور ہم کسی کو سیاسی طور پر نشانہ بنانے کےخلاف ہیں ۔