پی سی بی آسٹر یلوی ٹیم کی میز بانی کیلئے متحرک

پی سی بی آسٹر یلوی ٹیم کی میز بانی کیلئے متحرک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے بعد مارچ میں آسٹریلوی ٹیم کی میزبانی کا خواہش مند ہے۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 19مارچ سے یو اے ای میں 5میچز کی سیریز طے ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کی یہ کوشش ہے کہ 17مارچ کو پی ایس ایل فائنل کے بعد 19مارچ سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز کے پہلے 2میچز کراچی میں آسٹریلوی ٹیم کھیلے۔ذرائع کے مطابق چند ہفتے پہلے کرکٹ آسٹریلیا سے جب رابطہ کیا گیا تو انہوں نے مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اپنی سیکیورٹی ماہرین کی ٹیم پاکستان بجھوانے کا عندیہ دیا تھا، اب پاکستان کرکٹ بورڈ حکام اس پر مزید پیشرفت ہونے کے لیے پرامید ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی جنوری کے وسط میں ایک بار پھر کرکٹ آسٹریلیا سے اس معاملے پر بات چیت میں درخواست کرے گا کہ پاکستان میں میچز کھیلنے کے حوالے سے فیصلہ پی ایس ایل کے میچز کے انعقاد کو دیکھ کر کیا جائے ۔ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ پی سی بی کرکٹ آسٹریلیا سے کہے گا کہ وہ پی ایس ایل کے میچز کے لیئے اپنا وفد بھی پاکستان بھیجے تاکہ انتظامات کا جائزہ لیا جاسکے۔واضح رہے کہ پی سی بی نے کراچی میں پی ایس ایل کے 5 اور لاہور میں 3 میچز کرانے کا اعلان کیا ہوا ہے۔آسٹریلوی ٹیم نے آخری بار 1998میں مارک ٹیلر کی قیادت میں دورہ کیا تھا۔
دوسری جانب پاکستان میں موجود آسٹریلین ہائی کمیشن نے بھی پاکستان کی موجودہ سیکیورٹی صورت حال پر اپنی رپورٹ بھجوانی ہے جو آسٹریلوی ٹیم کے ممکنہ دورہ پاکستان کے لیے نہایت اہمیت کی حامل ہوگی۔ اس حوالے سے آسٹریلوی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن نے پی سی بی کی ایک تقریب میں سیکیورٹی صورت حال کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ حالات پہلے سے بہت بہتر ہیں۔ وہ اپنی حکومت کو رپورٹ دے سکتی ہیں تاہم ٹیم بھیجنے یا نہ بھیجنے کا فیصلہ حکومت اور کرکٹ آسٹریلیا نے کرنا ہے۔