کراچی ،آئی سی آر سی کے تحت سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں سیمینار
کراچی(اسٹاف رپورٹر) انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس(آئی سی آر سی) کے تحت گزشتہ روز جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں طبی عملے کو درپیش تشدد کے مسائل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ انٹرنیشنل کمیٹی ریڈ کراس کے ہیلتھ کیئر ان ڈینجر انیشیٹیو (ایچ سی آئی ڈی) کے تحت منعقد کئے گئے اس سیمینار میں سندھ میڈیکل یونیورسٹی اوراے پی پی این اے انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ (اے پی آئی ایچ) نے تعاون کیا تھا ۔اس انیشیٹیو کا مقصد طبی عملے کے خلاف تشدد کے واقعات کے خاتمے اور انکے کام کرنے والے مقامات کو تشدد سے پاک رکھنے کیلئے ہیلتھ سسٹم کی مکمل معاونت کرنا ہے ،اس اقدام کے تحت صحت سے متعلق مختلف خدمات کی فراہمی کے دوران طبی عملے کو تشدد جیسے واقعات سے نمٹنے کی تربیت فراہم کی جاتی ہے جس میں ایمبولینس کے عملے کو فیلڈ میں سیکورٹی و سیفٹی کی تربیت کے ساتھ ساتھ اسپتالوں میں سیکورٹی اقدامات کیلئے عالمی مروجہ قوانین کی پاسداری اور میڈیا کے ذریعے ایمبولینس کو راستہ دینے کی ترغبات اور طبی عملے کو عزت و احترام دینے کے معاملات شامل ہیں۔ سیمینار میں سیکریٹری صحت ڈاکٹر عثمان چاچڑ، جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ایس ایم طارق رفیع، میڈیکل ایجوکیشن سی پی ایس پی کی ڈین ڈاکٹر سیدہ کوثر، آئی سی آر سی سب ڈیلی گیشن کے سربراہ گیوانی ترمبائیولو، آئی سی آر سی کے ہیلتھ کیئر ان Danger کے سربراہ ڈاکٹر میر واعظ خان، اے آئی جی ڈاکٹر ولی اﷲ خان، کمشنر کراچی افتخار علی شلوانی، جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی پرو وائس چانسلر اور ڈین پروفیسر لبنیٰ بیگ، ایچ سی آئی ڈی کے کو پرنسپل انوسٹی گیٹر ڈاکٹر شیراز شیخ، ایچ ڈی آئی سی کے پراجیکٹ منیجر ڈاکٹر سید محمد ابراہیم ہاشمی، انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ اینڈ سوشل سائنسز خیبر میڈیکل یونیورسٹی سے ڈاکٹر نسیم، سندھ ہیلتھ کیئر کمشنر کے سی ای او ڈاکٹر منہاج کدوائی اور میڈیا پینلسٹ ضرار کھوڑو نے ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کے ساتھ اس اقدام کی شاندار کامیابیوں کا تبادلہ کیا۔ سیمینار کا مقصد مقصد صحت عامہ کی پالیسی بنانے والوں، میڈیا نمائندگان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر ہیلتھ کیئر کے تحفظ کے حوالے سے پالیسی گائیڈ لائنز فراہم کرنا تھا۔ اس موقع پر آئی سی آر سی کے ڈاکٹر میر واعظ خان کا کہنا تھا کہ تمام چھوٹے و بڑے اسپتال نئی پالیسیاں اور معیارات اپنا کر اپنے طبی عملے اور مریضوں کو تشدد کے واقعات سے محفوظ رکھ سکتے ہیں،طبی وعملے کی حفاظت یقینی بنانا ہمارے لئے انتہائی اہم اور ضروری ہے کیونکہ انہیں تحفظ کا احساس فراہم کرنا اور کام کی جگہ کو محفوظ بنانا ہماری ذمہ داری ہے ،ہم انتہائی واضح پیغام دے رہے ہیں کہ طبی عملے کے خلاف کسی قسم کے تشدد کو برداشت نہیں کیا جائیگا ۔