روپے کی قدر کم ہونے کے باوجود ٹیکسٹائل برآمدات میں اضافہ نہ ہوسکا: ادارہ شماریات
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) روپے کی قدر کم ہونے کے باوجود ٹیکسٹائل برآمدات میں اضافہ نہ ہوسکا، جولائی سے نومبر کے دوران ساڑھے 5 ارب ڈالر مصنوعات برآمد کی گئیں رواں مالی سال کے پانچ ماہ کے دوران ڈالر کے مقابلے روپیہ ساڑھے 14 فیصد گر گیا، توقع کی جا رہی تھی کہ روپے کی قدر میں کمی سے ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ دیکھا جا سکتا ہے مگر ایسا کچھ بھی نہیں ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق جولائی سے نومبر کے دوران ٹیکسٹائل برآمدات ساڑھے 5 ارب ڈالر رہی جبکہ گزشتہ مالی سال کے انہیں 5 ماہ میں بھی ٹیکسٹائل برآمدات میں ساڑھے 5 ارب ڈالر ہی ریکارڈ کی گئی ۔جولائی سے نومبر کے دوران کاٹن یارن کی برآمدات 15 فیصد کمی کے بعد 47 کروڑ ڈالر، نیٹ ویئر 11 فیصد اضافے سے 1 ارب 21 کروڑ ڈالر، بیڈ ویئر کی برآمدات 2فیصد اضافے سے 96 کروڑ ڈالر اور گاڑمنٹس کی برآمدات 1 ارب ڈالر تک محدود رہی ہیں۔