کیا پٹرول پمپ پر موبائل فون استعمال کرنے سے آگ لگ سکتی ہے؟ اصل حقیقت جانئے
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) ہر پٹرول پمپ پر سائن لگے ہوتے ہیں جن پر پٹرول بھرواتے ہوئے سگریٹ پینے اور موبائل فون استعمال کرنے سے منع کیا گیا ہوتا ہے۔ سگریٹ کے متعلق تو سبھی جانتے ہیں کہ یہ پٹرول پمپس پر خطرناک ہوتی ہے تاہم موبائل فونز کے متعلق دو آراءپائی جاتی ہیں تاہم اب ماہرین نے بتا دیا ہے کہ پٹرول پمپس پر موبائل فون کا استعمال واقعی خطرناک ہوتا ہے چنانچہ اس سے گریز کرنا چاہیے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پٹرول پمپ کی مشینیں آتشزدگی کے حوالے سے محفوظ ہوتی ہیں لیکن موبائل فونز نہیں ہوتے۔ یہی وجہ ہے کہ لگ بھگ تمام موبائل فون کمپنیاں فون کے ساتھ ملنے والے ہدایت نامے پر واضح طور پر تحریر کرتی ہیں کہ فون کو پٹرول پمپ، آئل سٹوریج یا کیمیکلز والی جگہ پر استعمال مت کریں۔تاہم لوگ عموماً ہدایت نامے کو پڑھتے ہی نہیں، چنانچہ اکثر اس حقیقت سے آگاہ نہیں ہوپاتے کہ پمپ پر فون کا استعمال خطرناک ہو سکتا ہے۔
ڈیوڈ تونگ نامی ماہر کا کہنا تھا کہ ”پوری دنیا میں آئے روز پٹرول پمپ پر موبائل فون کے استعمال کے باعث فون کے دھماکے سے پھٹ جانے کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ جب پٹرول گاڑی میں بھرا جا رہا ہوتا ہے تو اس سے بخارات ہوا میں تحلیل ہوتے ہیں۔ ایسے میں اگر پاس موبائل فون استعمال ہو رہا ہو تو اس سے نکلنے والی توانائی کے باعث پٹرول کے بخارات آگ پکڑ لیتے ہیں۔“