نیب سے سیاسی مداخلت ختم کردی، اپوزیشن چاہتی ہے کہ سب کچھ اوپر نیچے ہوجائے :سینیٹر شبلی فراز
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) تحریک انصاف کے سینیٹر شبلی فراز نے کہاہے کہ نیب میں سیاسی مداخلت ،ختم کردی ، اپوزیشن اپنے فائدے کیلئے چاہتی ہے کہ سب کچھ اوپرنیچے ہوجائے ۔
جیونیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ شیخ رشید کی پوری سیاست پیشگوئیوں پر مشتمل ہے ، فیصل واڈا نے فارورڈ بلاک کے حوالے سے جو بات کی ہے میرانہیں خیال کہ ایسے ہو۔ انہوں نے کہا کہ مشرف کے زمانے سے لیکر مسلم لیگ ن کی حکومت تک نیب کو استعمال کیا جاتا رہاہے ، اب جب ہماری حکومت آئی ہے تو ہم پیچھے ہو گئے ہیں اور نیب سے سیاسی مداخلت ختم کردی ہے کہ وہ جو کرنا چاہتی ہے کرے ، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی حکومتوں نے ملک کے ساتھ بہت زیادتی کی ہے ۔
ان کاکہنا تھا کہ تحریک انصاف نے کہاتھا کہ احتساب کیا جائیگا ، کوئی بھی کرپشن کرے اس کو جوابدہ ہونا پڑے گا ، اس کے بغیر ہم چل نہیں سکتے ، اس ملک کے ساتھ ذاتی فائدے کیلئے جو کیا گیاہے تو اپوزیشن کی کوشش یہ ہوگی کہ سب کچھ اوپر نیچے ہوجائے کیونکہ اسی میں ان کافائدہ ہے ۔