پاکستان مسئلہ کشمیر کا پائیدار اور پر امن حل چاہتا ہے،ریاست کی خود مختاری اورعلاقائی سالمیت کا تحفظ کیا جائے گا:شاہ محمود قریشی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیرِخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا پائیدار اور پر امن حل چاہتا ہے،ریاست کی خود مختاری اورعلاقائی سالمیت کا تحفظ کیا جائے گا۔
نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کا سب سے بڑا متاثر رہا لیکن سیکیورٹی فورسز اور عوام کی قربانیوں اور کوششوں سے دہشت گردی کی عفریت سے نجات حاصل کی۔وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ہم جارحیت سے نمٹنے کے لیے قابلِ بھروسہ نیشنل سیکیورٹی صلاحیت برقراررکھے ہوئے ہیں، انتہاپسندی، دہشت گردی کے خلاف جنگ کومنطقی انجام تک پہنچانے کے لیے کام کررہے ہیں، ریاست کی خود مختاری اورعلاقائی سالمیت کا تحفظ کیا جائے گا۔شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ حکومت خارجہ پالیسی کے سٹریٹجک مقاصد کے حصول کے لیے کام کررہی ہے، تمام ہمسایوں بالخصوص بڑی طاقتوں سے تعاون پرمبنی تعلقات کے لیے دن رات کوشاں ہیں، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا پائیدار اور پر امن حل چاہتا ہے اس مسئلے کے حل سے ہی خطے میں پائیداد امن ممکن ہے وزیر خارجہ نے کہا کہ پیداواری صلاھیت بڑھا کر ملکی معاشی استحکام کے لیے کوشاں ہیں اس کے لیے حکومت ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔پاکستان افغان امن عمل کی مکمل حمایت کرتا ہے، افغانستان میں امن علاقائی امن اور استحکام کے لیے ضروری ہے۔قبل ازیں ایک ٹویٹ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغانستان میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کے عزم اور کوششوں کا عالمی سطح پر اعتراف کئے جانے کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان میں قیام امن اور مزید رابطوں اور خوشحال ہمسائیگی کے لئے کام کیا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک ٹویٹ میں برٹش ایئرویز کے پاکستان کے لئے دوبارہ پروازیں شروع کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ قیام امن اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاکستان کی مسلسل کوششوں کا اعتراف ہے۔وزیر خارجہ نے اس حوالے سے بیرون ملک پاکستانیوں کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری اور برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو کی کوششوں کی تعریف کی۔