سیاسی جماعتوں کاکردار محدود کرنے سے نقصان ہوا، اس ایجنڈے سے ریاست بکھر جائیگی:جاوید لطیف
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی جاویدلطیف نے کہاہے کہ تحریک انصاف کے ایجنڈے سے ریاست بکھر جائیگی، ہماراملک ایک بنجر کی صورت اختیار کرتا جارہاہے۔
جیونیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں گفتگو کرتے ہوئے جاویدلطیف نے کہا کہ بسنت کے بغیر گزارہ ہوسکتا ہے لیکن سوال یہ ہے کہ بسنت منانے سے لوگوں کو کیافائدہ ہوگا ؟ کیااس سے لوگوں کے پیٹ بھرجائیں گے ؟انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دونوں اطراف خوشحالی ہے اورہماراملک ایک بنجر کی صورت اختیار کرتا جارہاہے، میں حکومت سے کہتا ہوں کہ وہ اپنے فیصلو ں پر نظر ثانی کرے اور ملکی معیشت پر توجہ دے ۔انہوں نے کہا کہ کرپشن صرف مالی نہیں ہوتی بلکہ اخلاقی اور اختیارات سے تجاوز کی کرپشن بھی ہوتی ہے ، دنیا سے کبھی یہ دباﺅنہیں آتا کہ پاکستان میں کرپشن ہورہی ہے بلکہ مذہبی انتہا پسند ی کے حوالے سے دباﺅ آتاہے ۔
انہوں نے کہا کہ روشنی صرف شیخ رشید اورتحریک انصاف کے وزراءکو اند ر سے نظر آتی ہے اوروہ روشنی کسی اور کو نظر نہیں آتی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جب بھی سیاسی جماعتوں کے کردار کو محدود کرنے کی کوشش کی گئی ، اس سے نقصان ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ سلسلہ جاری رہے گا تو پھر انتہا پسندی جنم لے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے بھی روشنی نظر آرہی ہے ، جو تحریک انصاف کا ایجنڈاہے اس سے ریاست بکھر جائیگی ۔