جب ملتان جلسے میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے غریدہ فاروقی پر حملہ کیا تو عمران خان نے کیا کیا؟ اینکر پرسن نے خود ہی کہانی سنادی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) معروف اینکر پرسن غریدہ فاروقی کا کہنا ہے کہ جب ان پر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے حملہ کیا تھا تو اس معاملے پر عمران خان نے ذاتی حیثیت میں ان سے معافی مانگی تھی۔
2014 میں پی ٹی آئی نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف ملتان میں ایک جلسہ کیا تھا جس میں شدید بد نظمی دیکھنے میں آئی تھی۔ جلسہ گاہ کے خارجی راستے بند ہونے کے باعث وہاں بھگدڑ مچ گئی تھی جس کے نتیجے میں 8 کارکن جاں بحق ہوئے تھے۔ اسی جلسے میں اینکر پرسن غریدہ فاروقی کے ساتھ بھی پی ٹی آئی کارکنوں نے بد تمیزی کی تھی ۔
خیال رہے کہ پیر کو نواز شریف کے سکیورٹی گارڈز نے نجی ٹی وی کے کیمرہ مین پر تشدد کیا تھا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا تھا۔ غریدہ فاروقی نے اسی تناظر میں ایک ٹویٹ کی اور ماضی کے بارے میں بتایا۔
غریدہ فاروقی نے کہا ” 2014 میں جب سماءٹی وی کی جانب سے میں دھرنے کی کوریج کر رہی تھی تو ملتان اور اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے بعض کارکنوں نے مجھ پر حملہ کیا تھا۔ تب بھی سماءٹی وی نے کھل کر اور انتہائی جاندارانہ انداز میں ان واقعات کی کوریج کی اور اس کوریج کے دوران عمران خان اور تحریک انصاف کا نام لے کر تنقید کی تھی “ ۔
غریدہ فاروقی نے کہا کہ جب ان کے ساتھ واقعہ پیش آیا تو عمران خان نے تہذیب کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر انہیں کال کی اور ذاتی حیثیت میں واقعے پر معافی مانگی تھی۔