حکومت بلاو ل بھٹو زرداری کاانتظام کرنے کی کوشش کررہی ہے :حامد میر کا دعویٰ
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) تجزیہ کار حامد میر نے کہاہے کہ حکومت بلاول بھٹوزداری کاانتظام کرنے کی کوشش کررہی ہے اورجے آئی ٹی رپورٹ میں ان پر کافی الزامات لگائے جائیں گے ۔
جیونیوز کے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے حامد میرنے کہا کہ آصف زرداری اس لئے سخت لہجہ اپنائے ہوئے ہیں کہ اگر نواز شریف جیل میں چلے جائیں تو پیچھے پیچھے میں بھی چلا جاﺅں تاکہ بلاول کو پیچھے سے سیاست کرنے کا موقع مل جائے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کواس بات کااحساس ہوگیاہے اور اس لئے بلاول کاانتظام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اورجے آئی ٹی کی رپورٹ میں بھی بلاول پر بھی کافی الزامات لگائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں ہی نہیں بلکہ سندھ میں بھی حکمران پارٹی اور اپوزیشن پارٹیوں میں محاذ آرائی شروع ہوجائیگی ، آنیوالے دنوں میں کچھ گرفتاریاں بھی ہو سکتی ہیں اورافراتفری کا منظر نظر آرہاہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف نے جب افتخار چودھری سے استعفیٰ مانگا تھااورجب چیف جسٹس نے استعفیٰ نہیں دیا تو میں نے وہ خبر دیدی جس پر مجھ سے تبصر ہ مانگا تو میں نے کہا تھا کہ اگر چیف جسٹس نے استعفیٰ نہ دیا تو بہت افراتفری پھیل جائیگی اور وکیل سڑکوں پر آجائیں گے اوراسی شام یہ ہوگیاتھا ۔
انہوں نے کہا کہ جو بھی حکومت میں ہوتاہے اس کولگتاہے کہ سب ٹھیک جارہاہے ، یہ آصف زرداری بھی کرتے تھے اوریہی کچھ نواز شریف نے کیا ، اب یہی صورتحال تحریک انصاف کی ہے اوراس کولگ رہاہے کہ نوازشریف اور آصف زرداری کی گرفتاری کے بعد راوی چین ہی چین لکھے گا لیکن میرے خیال میں تحریک انصاف کی حکومت کی نظر کمزورہے جس طر ح پہلے نواز شریف کی تھی ، اس سے قبل آصف زردار ی کی تھی اور اس سے بھی پہلے مشرف جن کا سب کچھ کمزور تھا ۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے کچھ اہم لوگوں کے ساتھ روابط ہیں اور پیغامات کا تبادلہ بھی ہوتا ہے اورپاکستان کی سیاست میں یہی کچھ ہوتاہے لیکن نوازشریف کی خاموشی کا فائدہ نوازشریف کونہیں بلکہ عمران خان کو ہی ہوگا ۔