ریڑھیوں پر بکنے والی خوراک کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق لانے کا جامع لائحہ عمل تیار
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عرفان نواز میمن کی ہدایت پر ریڑھیوں پر بکنے والی خوراک کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق لانے کا جامع لائحہ عمل تیارکیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صوبہ بھرمیں ریڑھی بانوں کے لیے مفت تربیتی ورکشاپس کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔پنجاب بھر میں تربیتی ورکشاپس کے ساتھ ساتھ آگاہی پروگرام بھی منعقد کیے جائیں گے،ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے آپریشنز اور پبلک ریلشن ونگ کو ورکنگ ماڈل تیار کرنے کا حکم دیا ہے۔ان کا کہنا تھاکہ ریڑھیوں پر بکنے والی خوراک غریب آدمی استعمال کرتا ہے۔ ریڑھیوں کی خوراک کو محفوظ بنا کر عام آدمی کی صحت کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔ عرفان نواز میمن کا مزید کہنا تھا کہ ریڑھی بانوں کے لیے مفت ٹریننگ اور آگاہی کا فیصلہ ان کے معاشی حالات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ریڑھی بانوں کو آگاہی ورکشاپس ان کی جگہ پر دینے کا پلان بنایا جائے گا،ماڈل کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے کوشش کریں کہ ریڑھی بانوں کی دیہاڑی ضائع نہ ہو،عام آدمی کی صحت کے ساتھ ساتھ اسکے معاشی نقطئہ نظر کو بھی سامنے رکھا جائے گا