شاہدرہ اسلام پورہ: کمسن بچی گرم پانی میں گرکرجاں بحق، ڈاکٹر وں کی غفلت سے معصوم بچہ دم توڑ گیا 

    شاہدرہ اسلام پورہ: کمسن بچی گرم پانی میں گرکرجاں بحق، ڈاکٹر وں کی غفلت سے ...

  



   لاہور(کرائم رپورٹر)شاہدرہ ٹاؤن کے علاقے میں والدین کی غفلت کے باعث دو سالہ بچی گرم پانی میں گر کر جاں بحق ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق شاہدرہ ٹاؤن کے علاقے میں دو سالہ حرم فاطمہ گھر میں کھیلتے ہوئے چولہے پر رکھے گرم پانی میں گر کر بری طرح جھلس گئی جسے فوری طبی امداد کیلئے ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ گئی۔ پولیس کے مطابق معصوم بچی کی لاش ضروری قانونی کارروائی کے بعد اسکے لواحقین کے حوالے کردی گئی۔مزید براں اسلام پورہ میں واقع سرکاری فیملی ویلفئیر ہسپتال کے ڈاکٹر کی مبینہ غفلت سے ننھے معصوم بچے کی جان چلی گئی۔ورثا کے مطابق ڈیلیوری کے دوران ڈاکٹر کی مبینہ غفلت کے باعث ننھا بچہ جاں بحق ہوا جس پر انصاف کے حصول کے لئے ورثا نے فیملی ویلفیئر ہسپتال کے سامنے احتجاج کیا۔مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ بچے کی ڈیلیوری کے حوالے سے تمام تر رپورٹس نارمل تھیں تاہم نارمل ڈیلیوری کی بجائے اچانک لیڈی ڈاکٹر کی جانب سے آپریشن کا کہا گیا اور صورتِ حال بگڑنے پر ڈاکٹر نے گنگا رام ہسپتال منتقل کرنے کا کہہ دیا۔ورثا نے الزام عائد کیا کہ گنگا رام ہسپتال پہنچے تو ڈاکٹر نے بتایا کہ بچہ کچھ دیر قبل ہی دم توڑ چکا ہے۔

ورثا نے حکام بالا سے انصاف کی اپیل کی ہے۔

مزید : علاقائی