کرسمس پر مسیحی عبادتگاہوں کیلئے جامع سکیورٹی پلان تیار  کرلیا، سی سی پی او

  کرسمس پر مسیحی عبادتگاہوں کیلئے جامع سکیورٹی پلان تیار  کرلیا، سی سی پی او

  



لاہور(کرائم رپورٹر)سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید کی زیر صدارت اجلاس میں کرسمس سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب میں سی سی پی او ذوالفقار حمید نے کہا کہ لاہور پولیس نے کرسمس پر مسیحی عبادتگاہوں اور دعائیہ تقریبات کے لئے جامع سکیورٹی پلان تیار کر لیا۔ کرسمس کے دوران تفریحی مقامات کو بھی سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ کرسمس کے دوران مارکیٹوں اور شاپنگ سنٹروں پر بھی نظر رکھی جائے۔ قبل ازیں سی سی پی او  سے چیئرمین پاکستان علما کونسل علامہ طاہر اشرفی نے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ مولانا اسیدالرحمان، مولانا اشفاق پتافی اور مولانا اسلم صدیقی بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی اور بین العقائد ہم آہنگی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 سی سی پی او نے کرسمس کے موقع کا حوالہ دیتے ہوئے علمائے کرام پر  زور دیا کہ وہ قومی یکجہتی کے فروغ کے لئے اپنا کردار جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو  پہلے سے کئی گنا زیادہ رواداری اور ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ علمائے کرام نے ہر دور میں معاشرے کو جوڑنے کے لئے مثبت کردار ادا کیا۔چیئرمین پاکستان علما کونسل علامہ طاہر اشرفی نے ذوالفقار حمید کو سی سی پی او لاہور بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان علما کونسل کے پلیٹ فارم سے ہمیشہ بین المذاہب ہم آہنگی کی آواز اٹھائی گئی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ علما آئندہ بھی قومی یکجہتی کے فروغ کے لئے کردار ادا کرتے رہیں گے۔

مزید : علاقائی