پولیس کی جانب سے شہید افسروں کو خراج عقیدات

                پولیس کی جانب سے شہید افسروں کو خراج عقیدات

  



لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس کے افسران و جوانوں نے شہید ڈی ایس پی نیو انار کلی رئیس احمد خان اورایس ایچ او نیو انار کلی سب انسپکٹر محمد ادریس کی34ویں برسی کے موقع پرشہداء کی بہادری اور لازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ایس پی ہیڈ کوارٹرز سید کرار حسین کے زیر انتظام شہیدسب انسپکٹر محمد ادریس کی آخری آرام گاہ واقع وحدت کالونی قبرستان لاہور پر تقریب کا انعقادکیا گیا۔لاہور پولیس کے مسلح چاک و چوبند دستے نے شہید کی قبر پر سلامی دی۔ پولیس کے افسران و جوان کے ساتھ ساتھ شہید کے ورثاء اور اہل علاقہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ایس پی اقبال ٹاؤن کیپٹن (ر) محمد اجمل نے ڈی ایس پی مسلم ٹاؤن سرکل غلام احمد اور ایس ایچ او وحدت کالونی شہباز احمداور شہید کے ورثاء کے ہمراہ شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ان کی درجات بلندی کے لئے دعائیں بھی کیں۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور رائے بابر سعید نے اس موقع پر کہا کہ ہمارے شہداء ہمارا فخر ہیں۔پوری قوم شہداء کی دی جانے والی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔

رائے بابر سعید نے مزید کہا کہ شہداء پولیس کے ورثاء کی فلاح و بہبود کے لئے مزید بہتر اقدامات کئے جارہے ہیں۔شہداء کے ورثاء کی فلاح وبہبود اور ویلفیئر کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔یاد رہے رئیس احمد خان شہیدبطور ڈی ایس پی نیو انار کلی سرکل اورشہیدسب انسپکٹر محمد ادریس بطورایس ایچ او تھانہ نیو انا ر کلی تعینات تھے۔17دسمبر1985؁ء میں دونوں شہداء پولیس پارٹی کے ہمراہ اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کیلئے ضلع شیخوپورہ میں ریڈ پرگئے۔ اشتہاری مجرمان کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں آپ دونوں زخمی ہو گئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ شہید ڈی ایس پی رئیس احمد خان ضلع ساہیوال اورشہید ایس آئی محمد ادریس ضلع لاہور کے رہائشی تھے۔دونوں شہداء کو ان کے آبائی علاقوں میں سپرد خاک کیا گیا تھا۔

مزید : علاقائی