پرویز مشرف کی سزائے موت کا فیصلہ تاریخ ساز ہے،لیاقت بلوچ

پرویز مشرف کی سزائے موت کا فیصلہ تاریخ ساز ہے،لیاقت بلوچ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (نمائندہ خصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے خصوصی عدالت کی طرف سے جنرل (ر) پرویز مشرف کو سزائے موت سنانے کے فیصلے پر اپنے ردعمل میں کہاہے کہ آرٹیکل 6 کے تحت یہ تاریخی اور تاریخ ساز فیصلہ ہے اس سے آئین کی بالادستی ہوگی اور آمریت کا راستہ بھی رکے گا۔انہوں نے کہاکہ آئندہ کے لیے بھی آئین کے دائرہ کار کو کوئی بھی عبور نہ کرے اورآئین کی حدود کی پابندی کی جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جنرل پرویز مشرف کو فوری طور پر پاکستان لایا جائے۔ دریں اثنا لیاقت بلوچ سے افغانستان اور فاٹا اضلاع کے طلبہ وفد نے ملاقات کی۔ لیاقت بلوچ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ افغانستان میں امن پاکستان کی اولین خواہش اور ہدف ہے۔ افغانستان میں اب ہر طرح کی بیرونی مداخلت ختم کی جائے۔ عالمی قوتیں اپنی شکست تسلیم کرلیں اور افغان عوام و قیادت کو باہم ڈائیلاگ کے ذریعے اپنے مسائل خود حل کرنے دیے جائیں۔امریکہ اور یورپ آزادممالک میں مداخلت کا رجحان اور ٹھیکیداری ختم کریں۔لیاقت بلوچ سے اسلامی یونیورسٹی کے مسئلہ پر جمعیت علمائے پاکستان کے صدر پیر اعجاز ہاشمی، قاری زوار بہادر، تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری، چیئرمین علما کونسل طاہر محمود اشرفی اور علامہ زبیر احمد ظہیر نے بھی ملاقات کی۔