طلبہ یونین کو پرانی حیثیت میں بحال نہیں کیا جاسکتا، نیا بل لائیں گے، یاسر ہمایوں

طلبہ یونین کو پرانی حیثیت میں بحال نہیں کیا جاسکتا، نیا بل لائیں گے، یاسر ...

  



لاہور(لیڈی رپورٹر)یو ای ٹی کے زیر اہتمام 13ویں تین روزہ آئی ٹرپل ای بین الاقوامی کانفرنس برائے اوپن سورس سسٹمزاور ٹیکنالوجیزکاآغاز،پاکستان کے سب سے پہلے سمارٹ کلاس روم کا افتتاح کر دیا گیا۔سمارٹ کلاس روم کا افتتاح مہمان خصوصی صوبائی وزیر برائے ہائیر ایجوکیشن کمیشن راجہ ہمایوں یاسر سرفراز نے کیا۔راجہ یاسرہمایوں نے کہا کہ سمارٹ کلاس روم سے فاصلے مٹ سکیں گے۔آپ یونیورسٹی میں ہونے والے لیکچرز کو براہِ راست سن سکیں گے۔ صوبائی وزیر برائے ہائیر ایجوکیشن کمیشن راجہ ہمایوں یاسر سرفراز نے کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سٹوڈنٹ یونین سے متعلق بل اسمبلی سے پاس کروایا جائے گا۔ سٹوڈنٹ یونین کے تصور کو سیاسی بنا نے کی وجہ سے پابندی لگی ہے جس وجہ سے اس کو پرانی حالت میں بحال نہیں کیا جا سکتا۔جامعات میں سٹوڈنٹ یونین کی طرز پر سٹوڈنٹ گورنمنٹ بنانے کی تجویز زیر غور ہے۔ سٹوڈنٹ گورنمنٹ میں حکومت اور طلباء ایک فنڈ قائم کرتے ہیں جسے طلباء کی فلاح پر خرچ کیا جاتا ہے۔ ہماری حکومت طلباء کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا رواں تعلیمی سال رہنمائی مرکز کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔ رہنمائی مرکز طلباء کو کیریئر کاؤنسلنگ، سکالرشپس اور جاب پلیسمنٹ کے حوالے سے رہنمائی فراہم کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ چین کے تعاون سے ہم انفارمیشن ٹیکنالوجی میں آگے بڑھ سکتے ہیں۔ حکومت پنجاب نے انجینئرز کیلئے مائیکرو چپ آرکیٹکچر سرٹیفکیشن پروگرام کا آغاز کیا ہے۔جس کے تحت ہزاروں انجینئرز کو انٹرنیشنل جاب مارکیٹ میں روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے۔۔کانفرنس میں مختلف شعبوں میں کورسز کرنے والے طلبہ میں صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن راجہ یاسر نے اسناد بھی تقسیم کیں۔اس موقع پر چیئرمین پنجاب ہائیرایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد نے کہا کہ سمارٹ کلاس روم پراجیکٹ کے کامیاب اختتام پر ڈاکٹر منصور سرور اور SUS-Tech یونیورسٹی کی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں

مزید : میٹروپولیٹن 1