بچوں کے درمیان عدل کرنا ہمارا معاشرتی و مذہبی فریضہ ہے،ہاشم ڈوگر

  بچوں کے درمیان عدل کرنا ہمارا معاشرتی و مذہبی فریضہ ہے،ہاشم ڈوگر

  



لاہور (لیڈی رپورٹر) صوبائی وزیر بہبود آبادی پنجاب کرنل (ر)ہاشم ڈوگر نے کہا ہے کہ محکمہ بہبود آبادی پنجاب کی تمام تر کوششیں لوگوں کو آبادی میں کمی کی طرف مائل کرنا نہیں بلکہ اس میں ایک توازن قائم کرنا ہے۔ بچوں کے درمیان عدل کرنا اوران کی تمام ضروریات پوری کرنا ہمارا معاشرتی اور مذہبی فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر اس کام سے بچنا ہے جس سے تصادم پیدا ہونے کا خدشہ ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں پاپولیشن ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کی جانب سے علماء ایڈوائزری بورڈ سے صوبائی سطح پر منعقدہ مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کی صدارت صوبائی وزیر پاپولیشن ویلفیئر کرنل(ر) ہاشم ڈوگر نے کی جس کا بنیادی مقصد بڑھتی آبادی جیسے مسئلے پر قابو پانے کے حوالے سے تمام اضلاع سے علماء کرام کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرکے مشاورت کرنا تھا۔اجلاس میں سیکرٹری پاپولیشن ویلفیئر محمد عامرجان، مفتی منیب الرحمان، چیئر مین متحدہ علماء بورڈ حافظ طاہر محموداشرفی، سید نیاز حسن نقوی، ڈائریکٹر جنرل پاپولیشن ویلفیئر محمد مالک بھلہ، طاہر رضا محکمہ اوقاف و مذہبی امور نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر پاپولیشن ویلفیئر کرنل(ر) ہاشم ڈوگر نے کہا کہ اجلاس کا بنیادی مقصد ایسے لائحہ عمل کو وضع کرنا ہے جو کہ قرآن و سنت کے منافی نہ ہو اور کنبے کے لئے قابل قبول بھی ہو۔ ذچہ و بچہ کی صحت، انسانی بقاء اور صحت مند معاشرے کے قیام کے لئے علماء کرام کا حکومت کے ساتھ تعاون ناگزیر ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1