امن قائم کرنے کیلئے اقلیتوں کاکردار انتہائی اہم ہے،اعجاز عالم

    امن قائم کرنے کیلئے اقلیتوں کاکردار انتہائی اہم ہے،اعجاز عالم

  



لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر انسانی حقوق واقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے کہا ہے کہ کرسمس محبت او ر امن کا پیغام دیتاہے، ملک میں امن کے قیام میں اقلیتوں کے کردار کو بھی جھٹلا یا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے اقلیتوں کی فلاح وبہبود کیلئے انقلابی پروگرام متعارف کروائے ہیں جبکہ سرکاری اداروں میں بھرتیوں کیلئے پانچ فیصد کوٹہ پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جارہاہے۔ اقلیتی بچوں کو اعلیٰ تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ہائیر ایجوکیشن کمشن نے بھی کوٹہ مقرر کر دیاہے۔۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب سکل پروگرام کے تحت صوبہ بھر میں اقلیتوں کے بچوں کو فنی تربیت کے ساتھ ساتھ مفت رہائش او روظیفہ کی فراہمی کا آغاز بھی کیا جارہا ہے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ سرگودہا میں صرف اقلیتوں کے بچوں کو فنی تعلیم فراہم کرنے کیلئے چار اداروں سے معاہدہ کیاگیا ہے۔انہوں نے کہاکہ بحیثیت پاکستانی ہم میں اتحاد ویگانگت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ہمیں اپنے تمام تر اختلافات کو بھلا کر ملک کی ترقی کیلئے مل جل کر کام کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے گزشتہ روز وزارت انسانی حقوق واقلیتی امور پنجاب کی جانب سے کرسمس کے موقع پر سرگودہا آرٹس کونسل کلچر کمپلیکس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر محنت وافرادی قوت انصر مجید خان نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت نے ملکی تمام اداروں میں اقلیتوں کیلئے ترقی کے راستے کھول دیئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں تمام مذاہب کے افراد کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔تقریب میں کستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر انصر ہرل‘ کوارڈی نیٹر ہیومن رائٹس ومینارٹی ونگ شہزاد احمد میکن‘ اکبر بھٹی‘ فادر ظفر‘ میڈم نیر عزیز اور روبینہ فیروز بھٹی کے علاوہ مسیحی برادری سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔۔۔

مزید : میٹروپولیٹن 1