عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے بانی رکن مولانا مجاہد الحسینی انتقال کر گئے

عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے بانی رکن مولانا مجاہد الحسینی انتقال کر گئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
فیصل آباد (سپیشل رپورٹر) معروف کالم نگار، کہنہ مشق صحافی، مختلف اخبارات وجرائد کے چیف ایڈیٹر، علامہ شبیر احمد عثمانی، علامہ ظفر احمد عثمانی، مولانا اعزاز علی، مولانا خیر محمد جالندھری کے شاگرد، سید حسین احمد مدنی کے مرید، امیر شریعت سید عطاء اللہ شاہ بخاری کے ساتھی اورکئی تحقیقی کتب کے مصنف، کتاب”سیرت وسفارت رسولؐ“پراول صدارتی ایوارڈیافتہ ادیب وسیرت نگار،تاریخ ساز شخصیت حضرت مولانا محمد یوسف مجاہدالحسینی فاضل دارالعلوم ڈابھیل انڈیا93برس کی عمر میں قضائے الٰہی سے انتقال فرما گئے۔ انہیں کچھ دن پہلے دل کی تکلیف ہوئی تھی وہ گزشتہ روز علی الصبح ہسپتال میں خالق حقیقی سے جاملے۔مولانا مجاہد الحسینی کی نماز جنازہ ٹیکنیکل ہائی سکول ڈی گراؤنڈ کی مسجد میں ادا کی گئی۔ جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ نماز جنازہ مجلس احرار اسلام کے مرکزی رہنما، امیر شریعت کے نواسے مولانا سید کفیل شاہ بخاری نے پڑھائی۔ اس موقع پر معروف صحافی مجیب الرحمن شامی، فیض اللہ کموکا ایم این اے، مرکزی علماء کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی، ڈاکٹر قاری محمد طاہر، جامعہ دارالقرآن کے مہتمم قاری محمد یٰسین، جامعہ امدادیہ کے نائب صدر مفتی محمد زاہد، مولانا محمد یوسف رابع، حافظ محمد امجد، انجمن تاجران منٹگمری بازار کے صدر حاجی محمد عابد، مفتی عبدالرحمٰن ظفر، خطیبِ شہر مفتی محمد ضیاء مدنی، مولانا محمد صابر سرہندی، ڈاکٹر زاہد اشرف، قاری عبدالرحیم بلوچ، مولانا حق نواز خالد، اقبال فیروز، حافظ عبد القیوم انور، حافظ شفیق کاشف، صاحبزادہ خالد محمود قاسمی، فیصل آباد یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکرٹری سید ذکر اللہ حسنی سمیت مختلف مدارس کے اساتذہ کرام و طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مرحوم کی روح کو ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی صبح 9 بجے ٹیکنیکل ہائی سکول مسجد میں ہو گی۔ رہائش 553 ڈی ایڈن ویلی کینال روڈ فیصل آباد ہے۔مولانا کے صاحبزادے پروفیسر ابوبکر صدرکا رابطہ نمبر 0333-6502122ہے۔  مولانا مجاہد الحسینی نے ایک بیٹا اور بیٹیاں ہزاروں مداح بھی سوگوار چھوڑے ہیں۔دینی و علمی حلقوں میں مولانا مجاہد الحسینی کی شخصیت کسی تعارف کی محتاج نہیں۔ کئی تحقیقی کتب کے مصنف اور صحافی و کالم نگار بھی تھے۔ آپ کی ساری زندگی عقیدہ ختم نبوت کی حفاظت میں گزری۔ آپ نے 1953ء اور 1974ء کی تحریک ختم نبوت میں ایک مجاہد سپاہی کا کردار ادا کیا۔ عقیدہ ختم نبوت کی خاطر کئی بار جیل بھیجے گئے۔ تحریک ختم نبوت میں مولانا سید عطا اللہ شاہ بخاریؒ سمیت جیل میں موجود تمام اکابر کی امامت کی مستقل ذمہ داری آپ کی تھی۔ مولانا مجاہد الحسینی کے سینے میں تاریخ کے ہزاروں راز، اہم وبیش بہا معلومات، اکابر کی مجلسوں اور صحبتوں کا آنکھوں دیکھا حال، عقیدہ ختم نبوت کی خاطر اکابر اور عوام کی قربانیوں اور حکمرانوں کی کرتوتوں کے احوال محفوظ تھے۔ مولانا مجاہد الحسینی کا شمار عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے بانی ارکان میں ہوتا تھا۔ امیر شریعت سے محبت ان کی ذات کا حصہ تھی اور آخری دم تک وہ اس خاندان کے ساتھ جڑے رہے، مولانا مجاہد الحسینی ختم نبوت کے جانباز سپاہی تھے۔ زندگی کی آخری سانس تک اس کے لیے کوشش کرتے رہے۔ بیماری کے دنوں میں بھی آنے والوں کو اس کی اہمیت سے آگاہ کرتے رہے اور بستر مرگ پر بھی فیصل آباد میں بڑے پیمانے پر ختم نبوت کانفرنس کروانے کے ارادے کا اظہار کیا۔ 
مولانا مجاہد الحسینی/انتقال

مزید :

صفحہ آخر -